QR CodeQR Code

دوا کے نسخے پر ڈاکٹرز کا لائسنس نمبر لازمی درج کرنے کی سفارش

24 Nov 2022 23:52

بل موور کے حوالے سے جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ میری فارمیسی کونسل کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے، ڈاکٹرز اور فارماسسٹ کے درمیان اس بل کی وجہ سے تنازع پیدا ہورہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے چیئرمین ہمایوں مہمند نے دوا کے نسخے پر ڈاکٹرز کا لائسنس نمبر لازمی درج کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے شعبہ صحت میں کچھ بہتری آسکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس چیئرمین ہمایوں مہمند کی زیر صدارت ہوا، جس میں پاکستان فارمیسی ترمیم بل پر گفتگو کی گئی۔ بل موور کے حوالے سے جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ میری فارمیسی کونسل کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے، ڈاکٹرز اور فارماسسٹ کے درمیان اس بل کی وجہ سے تنازع پیدا ہورہا ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ شعبہ صحت ایک انڈسٹری کے طور پر چل رہا ہے جہاں پیسے کیلئے بھی کام ہوتا ہے، فارماسوٹیکل کمپنیز ڈاکٹرز کو سپورٹ کرتی ہیں، جب یہ سب چیزیں ڈاکیومنٹ ہو جائیں تب یہ معاملات کچھ بہتر ہو سکتے ہیں۔

اس پر سینیٹر مشتاق احمد نے کہا یہ سفارشات تحریری طور پر آ جائیں تو میں بل میں شامل کر لوں گا۔ اجلاس میں رکن کمیٹی روبینہ خالد نے کہا کہ فارمیسز بہت کم ہیں، نیند کی گولیوں کے علاوہ  کوئی بھی فارمیسی والا ڈاکٹر کے نسخے کا نہیں پوچھتا ، ڈرگ ابیوز کا شکار بھی بچے ہو رہے ہیں کہ کوئی ان سے پوچھتا نہیں ہے۔ چیئرمین کمیٹی ہمایوں مہمند نے کہا کہ سیکرٹری اور وزیر صحت قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں آئیں اور اس بل پر بات کریں۔ رکن کمیٹی مہر تاج نے کہا کہ جب میں خود ینگ ڈاکٹر تھی تو دوا ساز کمپنیاں اپنی مرضی کا دودھ تجویز کرنے کیلیے مہنگے ہوٹلز اور شاندار سہولیات کی پیش کش کرتی تھیں میں خود بھی اُن چیزوں سے نہیں بچ سکی، اس پر کام ضرور ہونا چاہیے تاکہ شہریوں کو تھوڑا ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ پمز میں ڈینٹل شعبہ بند پڑا ہے، پمز انتظامیہ کو بلائیں اور اس پر تفصیلی بات کریں۔


خبر کا کوڈ: 1026672

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1026672/دوا-کے-نسخے-پر-ڈاکٹرز-کا-لائسنس-نمبر-لازمی-درج-کرنے-کی-سفارش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org