QR CodeQR Code

پاکستان 3 ماہ نگران حکومت کا متحمل نہیں ہوسکتا

اسمبلی سے باہر رہ کر الیکشن کا مطالبہ درست نہیں، انتخابات وقت پر ہی ہونگے، شاہد خاقان

اجتماعات سے حکومت آتی یا جاتی نہیں، اجتماع سے حکومت گرانا خام خیالی ہے

25 Nov 2022 01:39

ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ ہم بھی الیکشن کا مطالبہ کرتے تھے، عمران خان کی حکومت گئی تو الیکشن یاد آگئے۔ جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کریگی، پھر الیکشن ہونگے۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کے نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اسمبلی میں آکر بیٹھے اور رائے کا اظہار کرے۔ اسمبلی سے باہر رہ کر الیکشن کا مطالبہ درست نہیں، وقت پر انتخابات ہوں گے۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قبل از وقت الیکشن کسی چیز کا حل نہیں، انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، پاکستان 3 ماہ نگران حکومت کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے ٹولے کی خواہش ہے کہ انتخابات جلد ہوں، اداروں کو سیاست میں مدعو کرنا عمران خان اور ان کے ٹولے کی خواہش ہے، ہم بھی الیکشن کا مطالبہ کرتے تھے، عمران خان کی حکومت گئی تو الیکشن یاد آگئے۔ جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، پھر الیکشن ہوں گے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ وقت سے پہلے الیکشن کرانے ہیں تو عدم اعتماد کا ہی راستہ ہے، پہلے بھی تاریخی اجتماع ہوئے ہیں، اجتماعات سے ہی الیکشن کرانے ہیں تو کوئی بھی حکومت 2 ماہ نہیں رہے گی۔ اجتماعات سے حکومت آتی یا جاتی نہیں، اجتماع سے حکومت گرانا خام خیالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہم تعیناتی سے متعلق وزیراعظم کے فیصلے کو سب نے سراہا ہے۔ پہلے دو سینیئر لوگوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ سنیارٹی کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ ذاتی رائے رہی ہے کہ سمری جلدی بھیجنی چاہیئے، تاکہ چہ مگوئیاں نہ ہوں۔ ابہام سے بچنے کیلئے سمری جلدی بھیجنے کا طریقہ بہترین ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 1026724

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1026724/اسمبلی-سے-باہر-رہ-کر-الیکشن-کا-مطالبہ-درست-نہیں-انتخابات-وقت-پر-ہی-ہونگے-شاہد-خاقان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org