QR CodeQR Code

تحریک انصاف کو راولپنڈی میں جلسے کی مشروط اجازت مل گئی

25 Nov 2022 09:24

اجازت نامے کی اولین شرط ہے کہ فیض آباد کو 26 نومبر کی رات ہی خالی کیا جائیگا۔ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم راولپنڈی ٹیسٹ کھیلنے پہنچ رہی ہے، اس لیے جلسہ کرنے کے بعد جگہ کو مکمل خالی کرنا ہوگا۔ اجازت نامے میں یہ بھی شرائط شامل ہیں کہ علامہ اقبال پارک کارکنان کے رکنے کیلئے استعمال نہیں کیا جائیگا اور پروگرام کے ختم ہوتے ہی پارک کو بھی خالی کر دیا جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کو 26 نومبر کو فیض آباد میں جلسے کی اجازت مل گئی، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے 56 شرائط کے ساتھ اجازت نامہ جاری کیا۔ میڈیا نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو حقیقی آزادی مارچ کے سلسلے میں فیض آباد راولپنڈی میں 26 نومبر کو جلسے کی اجازت مل گئی ہے۔ ڈی سی نے 56 شرائط کے ساتھ اجازت نامہ جاری کیا ہے۔ شرائط کی عدم پیروی پر جلسہ انتظامیہ کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے 56 شرائط کے ساتھ جاری کیے گئے اجازت نامے کی اولین شرط ہے کہ فیض آباد کو 26 نومبر کی رات ہی خالی کیا جائے گا۔ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم راولپنڈی ٹیسٹ کھیلنے پہنچ رہی ہے، اس لیے جلسہ کرنے کے بعد جگہ کو مکمل خالی کرنا ہوگا۔ اجازت نامے میں یہ بھی شرائط شامل ہیں کہ علامہ اقبال پارک کارکنان کے رکنے کیلیے استعمال نہیں کیا جائے گا اور پروگرام کے ختم ہوتے ہی پارک کو بھی خالی کر دیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان انتظامیہ کے طے شدہ روٹ کو استعمال کریں گے اور جلسے سے قبل اور بعد میں سن روف والی گاڑی استعمال نہیں کریں گے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ جلسے میں ڈرون کیمرے کے استعمال کی بالکل اجازت نہیں ہوگی اور کسی طریقے کے بھی جانی نقصان کی ذمے دار جلسہ انتظامیہ ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اجازت نامے میں عائد کی گئی شرائط کی خلاف ورزی پر جلسہ انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ڈی سی کے جاری نوٹیفکیشن میں پی ٹی آئی کے جلسے کے سلسلے میں پولیس کو تمام تر ضروری سکیورٹی اقدامات کرنے اور ٹریفک پلان پر مکمل طور پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کل احتجاج کی قیادت کریں گے اور جلسے سے خطاب میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 1026731

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1026731/تحریک-انصاف-کو-راولپنڈی-میں-جلسے-کی-مشروط-اجازت-مل-گئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org