0
Friday 25 Nov 2022 18:02

پاک نیوی، این ای ڈی و ایچ ای سی کے تحت آل پاکستان انٹرورسٹی شوٹنگ چیمپئن شپ کا انعقاد

پاک نیوی، این ای ڈی و ایچ ای سی کے تحت آل پاکستان انٹرورسٹی شوٹنگ چیمپئن شپ کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی معروف درسگاہ این ای ڈی یونیورسٹی، پاکستان نیوی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے زیرِ اہتمام دو روزہ آل پاکستان انٹرورسٹی شوٹنگ چیمپئن شپ (مین) 2023-2022ء کے مقابلے پاکستان نیوی کی شوٹنگ رینج کارساز کراچی میں منعقد کئے گئے، جس کی افتتاحی تقریب کی صدارت شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کی، جبکہ پاکستان نیوی کے ائیر کموڈور عرفان تاج اعزازی مہمان تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا کہ آج ضرورت ہے کہ نوجوانوں کو جسمانی مشقوں کی بھی تیاری کروائی جائے، نشانہ بازی کی مشق جو پہلے تیر اندازی کے ذریعے ہوتی تھی، موجودہ دور میں ہتھیار کی مدد سے ہوتی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اس مشق کے ذریعے طالبعلم ہدف پر  فوکس کرنا سیکھتے ہیں۔ قائم مقام مینجر اسپورٹس و آرگنائزنگ سیکریٹری فرخندہ فصیح اور کنٹرولر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر علی حسن محمود نے بتایا کہ اس چیمپئن شپ میں ملک بھر سے آئی 11 ٹیموں نے حصہ لیا۔ انہوں نے پاکستان نیوی کے لیفٹیننٹ خالد بن انور اور ان کی ٹیم کی خدمات کا ذکر کیا۔

دو روزہ مقابلوں کے اختتام پر ڈائریکٹر جزل اسپورٹس ایچ ای سی جاوید علی میمن اور رجسٹرار این ای ڈی سید غضنفر حسین نے جیتنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔ اختتامی مرحلے پر ڈائریکٹر جزل اسپورٹس جاوید علی میمن کا کہنا تھا کہ قومی سطح پر اس کھیل کو فروغ دے کر عالمی مقابلوں کیلئے کھلاڑی تیار کرنے چاہیئے۔ ترجمان جامعہ این ای ڈی فروا حسن کے مطابق انٹروسٹی چیمپئن شپ 2022ء کی فاتح ٹیموں میں بلترتیب کراچی یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب نے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی، لاہور یونیورسٹی اور گریسن لاہور یونیورسٹی دونوں ٹیمیں تیسری پوزیشن پر رہیں۔ اس موقع پر 19 مرتبہ قومی چیمپئن شپ کے فاتح غلام مصطفیٰ بشیر، پاکستان نیوی کے آفیشلز، رائفل شوٹنگ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری رضی احمد خان سمیت این ای ڈی کے ڈائریکٹر سروسز وصی الدین، شعبہ سوفٹ وئیر انجینئرنگ کی چیئرپرسن شہنیلہ زرداری، ڈپٹی رجسٹرار خالد مخدوم ہاشمی اور ڈپٹی کنٹرولر اسٹوڈنٹ افیئرز ترنم غفار بھی شریک رہیں۔
خبر کا کوڈ : 1026799
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش