0
Saturday 26 Nov 2022 22:52

سرکاری وسائل پر لانگ مارچ میں جانا قومی خزانے پر ڈاکہ ہے، مولانا عبد السمیع

سرکاری وسائل پر لانگ مارچ میں جانا قومی خزانے پر ڈاکہ ہے، مولانا عبد السمیع
اسلام ٹائمز۔ صوبائی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کو اندھیرے میں چھوڑ کر اسلام آباد حقیقی آزادی لینے گئی ہے جو کہ ان کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا عبد السمیع امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان نے بسین اور سکارکوئی گلگت میں کارکنان جماعت اسلامی کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے مولانا تنویر حیدری امیر ضلع گلگت، نوید اللہ خان سیکرٹری ضلع گلگت نے بھی خطاب کیا۔ مولانا عبد السمیع نے مزید کہا کہ جی بی میں متاثرین سیلاب شدید سردی اور کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، پندرہ گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ سہنے پر مجبور ہیں، آٹے کا شدید بحران ہے۔ بیروزگاری عروج پر ہے۔ تمام مسائل سے جی چرانے کے لیے حکمران اسلام آباد بھاگ گئے۔

امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کر کے اسلام آباد لانگ مارچ میں جانا قومی خزانے پر ڈاکہ ہے۔ وزیر خوراک کی پریس کانفرنس کو عوام نے مسترد کر دیا ہے، اگر وزیر خوراک اور وزیر برقیات مسائل حل نہیں کر سکتے ہیں تو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کر کے مستعفی ہو جائیں۔ تمام جماعتیں عوامی ایشوز حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہیں، جماعت اسلامی اس ملک کی واحد کرپشن سے پاک جماعت ہے، جس کے پاس بہترین اور دیانتدار قیادت موجود ہے۔ کارکنان آگے بڑھ کر اپنے اپنے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو جماعت اسلامی کے ساتھ جوڑیں اور انہیں باور کرایا جائے کہ تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔
خبر کا کوڈ : 1027065
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش