QR CodeQR Code

آئی ایس او نظریہ ولایت فقیہ اور افکار قائد شہید کی محافظ ہے، علامہ مقصود ڈومکی

27 Nov 2022 12:09

تعمیر وطن کنونشن کی نشست شب شہداء سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آئی ایس او محب وطن، صالح اور باکردار نوجوانوں کی جماعت ہے۔ جو نظریہ ولایت فقیہ اور افکار قائد شہید کی محافظ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاڑکانہ ڈویژن کا 33واں سالانہ تعمیر وطن کنونشن حسینی مسجد و امام بارگاہ شکار پور میں منعقد ہوا۔ تعمیر وطن کنونشن کی نشست شب شہداء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ خدا نے تورات کے بعد زبور میں صالحین کی عالمی حکومت کا وعدہ فرمایا ہے۔ ظلم و استبداد کی سیاہ رات عنقریب ختم ہوگی اور دنیا پر عدل و انصاف کی حکومت قائم ہوگی۔ یہ خدا کا وعدہ ہے، جس کا ذکر تمام آسمانی کتابوں اور قرآن کریم میں موجود ہے۔ قرآن کریم کی رو سے مستضعفین، محرومین اور صالحین زمین کے وارث ہوں گے۔ آج عالمی استکباری نظام زوال کا شکار ہے اور اقوام عالم کی بیداری اور بڑھتا ہوا شعور حسین مستقبل کی نوید سنا رہے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی نے نور اور ہدایت کا پیغام بن کر عالم کفر و استکباری نظام پر لرزہ طاری کر دیا ہے۔ انقلاب اسلامی کے خلاف شیاطین عالم اکھٹے ہو کر سازشیں کر رہے ہیں۔ حجاب کو بہانہ بنا کر انقلاب اسلامی اور اسلامی تعلیمات کے خلاف مہم شروع کی گئی ہے۔ جسے شیطان بزرگ اور شیاطین عالم کی پشت پناہی حاصل ہے۔ انقلاب اسلامی اس امتحان میں بھی سرخرو نظر آیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او محب وطن، صالح اور باکردار نوجوانوں کی جماعت ہے۔ جو نظریہ ولایت فقیہ اور افکار قائد شہید کی محافظ ہے۔ وطن عزیز پاکستان کی تعمیر و ترقی میں امامیہ طلباء نے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1027149

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1027149/آئی-ایس-او-نظریہ-ولایت-فقیہ-اور-افکار-قائد-شہید-کی-محافظ-ہے-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org