QR CodeQR Code

عمران خان کا واسطہ سیاسی ذہنوں سے نہیں مافیا سے ہے، میاں ریحان مقبول

28 Nov 2022 20:10

پی اے ٹی پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں سے نکلنے کی بجائے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دلوائیں، حکومت ختم ہوئی تو راولپنڈی بحفاظت چھوڑ کر آنیوالی پولیس واپسی کیلئے ڈنڈے مارے گی۔بہتر ہو گا عمران خان اسمبلیوں کی باقی ماندہ مدت سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دلوانے کیلئے استعمال کریں،


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ کر کے عمران خان اپنا گریبان پی ڈی ایم کے ہاتھوں میں دینے کی بجائے انہی اسمبلیوں سے اس نظام کی اصلاح کیلئے قراردادیں منظور کروائیں اور ایسی قانون سازی یقینی بنائیں جو پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے میں مددگار ثابت ہو۔ عمران خان نے صوبائی حکومتیں چھوڑ دینے کا فیصلہ کیا تو وہ یاد رکھیں راولپنڈی بحفاظت چھوڑ کر آنیوالی پولیس واپسی کیلئے ڈنڈے مارے گی اور چادر اور چاردیواری کے تقدس کی پامالی کے ایسے خوفناک واقعات رونما ہوں گے کہ پچھلے سارے بھول جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے عمران خان کو یقین دلایا ہے کہ وہ کہیں گے تو 60 سیکنڈ میں حکومت سے باہر آ جائیں گے۔ ان کا یہ بیان اپنی جگہ پر مگر وہ ایک زیرک، کہنہ مشق اور جہاں دیدہ سیاستدان ہیں، وہ اسمبلی کے اندر اور باہر کی کی سیاست کو اچھی طرح سمجھتے ہیں وہ اور مونس الٰہی یقینا بند کمرے میں عمران خان کو اس جذباتی فیصلے پر نظرثانی کا ضرور مشورہ دیں گے۔ عمران خان کو علم ہونا چاہیے کہ ان کا واسطہ سیاسی ذہنوں سے نہیں مافیا سے ہے۔ اس مافیا کی کوئی اخلاقیات نہیں ہیں۔ جب سے عمران خان نے اسمبلیوں سے نکلنے کا اعلان کیا ہے اشرافیہ جشن فتح کی تاریخ کے تعین پر غور کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہتر ہو گا عمران خان اسمبلیوں کی باقی ماندہ مدت سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دلوانے کیلئے استعمال کریں اور الیکشن کی تاریخ مانگنے پر توانائیاں صرف کرنے کی بجائے اس نظام سے جان چھڑانے کیلئے کردار ادا کریں۔


خبر کا کوڈ: 1027361

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1027361/عمران-خان-کا-واسطہ-سیاسی-ذہنوں-سے-نہیں-مافیا-ہے-میاں-ریحان-مقبول

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org