QR CodeQR Code

سیدۃ النساء العالمینؑ کا عظیم کردار خواتین کیلئے مشعل راہ ہے، علامہ شبیرالحسن طاہری

28 Nov 2022 20:55

تعزیتی اجتماع سے خطاب میں معروف عالم دین نے کہا کہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ہمارے نوجوانوں کو فکری طور پر یرغمال بنانے کے لئے استعمال کئے جا رہے ہیں، ثقافتی یلغار اور دجالی فتنوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں اسوہ اہلبیت اطہار علیہم السلام کو اپنانا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ سیدۃ النساء العالمینؑ کا عظیم کردار خواتین کے لئے مشعل راہ ہے، اپنی نسلوں کی پاکیزہ تربیت کے لئے اس ہستی کے گفتار و عمل سے استفادہ کرنا ہوگا جن کی عصمت و صداقت کا ذکر اللہ تعالیٰ نے اپنی لاریب کتاب میں کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار علامہ شبیر الحسن طاہری نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی رہنما اور سماجی کارکن ناصر حسینی کی والدہ کی پہلی برسی کے موقع پر تعزیتی اجتماع سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہ عالم اسلام اس وقت یہود و نصارٰی کے نشانے پر ہے، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ہمارے نوجوانوں کو فکری طور پر یرغمال بنانے کے لئے استعمال کئے جا رہے ہیں، ثقافتی یلغار اور دجالی فتنوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں اسوہ اہلبیت اطہار علیہم السلام کو اپنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاک باز معاشرے کی تشکیل کے لئے پاکیزہ تربیت اولین شرط ہے، معاشروں کی تشکیل خاندانوں کی مرہون منت ہے اور خاندانوں کی تربیت میں خواتین کے کردار کو مرکزیت حاصل ہے، استکباری طاقتوں کے سامنے جرات مندانہ اور مدلل انداز میں حق گوئی کا حوصلہ صرف انہیں حاصل ہوتا ہے جو اپنے موقف میں سچے اور اٹل ہوں، حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی ذات مقدسہ خواتین کے لئے  وہ رول ماڈل ہے، جن سے خواتین زندگی کے تمام پہلوؤں میں رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ تعزیتی اجتماع میں مختلف مکاتب فکر، مذہبی، سیاسی سماجی، صحافی، ماتمی انجمنوں سے تعلق رکھنے والے شخصیات نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 1027367

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1027367/سیدۃ-النساء-العالمین-کا-عظیم-کردار-خواتین-کیلئے-مشعل-راہ-ہے-علامہ-شبیرالحسن-طاہری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org