0
Tuesday 29 Nov 2022 14:11

عراقی وزیراعظم کی تہران آمد، ایرانی صدر آیت‌ الله رئیسی نے استقبال کیا

عراقی وزیراعظم کی تہران آمد، ایرانی صدر آیت‌ الله رئیسی نے استقبال کیا
اسلام ٹائمز۔ ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے ابھی کچھ ہی دیر قبل تہران میں سعد آباد کے تاریخی ثقافتی کمپلیکس میں عراقی وزیراعظم کا با ضابطہ استقبال کیا۔ ایرانی سرکاری ذرائع کے مطابق، عراقی وزیراعظم محمد شیاع السوڈانی آج منگل کی صبح ایک سیاسی اور اقتصادی وفد کی سربراہی کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام سے بات چیت کے لیے تہران پہنچے، جہاں "مہرآباد" ہوائی اڈے پر وزیر خزانہ و اقتصاد سید احسان خاندوزی نے ان کا استقبال کیا۔ محمد شیاع السوڈانی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد اپنے تیسرے دورے پر تہران پہنچے، جہاں ان کے استقبال کی باضابطہ تقریب "سعد آباد" ثقافتی سنٹر میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ایران اور عراق کے قومی ترانے بجائے گئے، عراقی وزیراعظم نے ایرانی صدر کے ہمراہ "سان اسکوائر" پر فوجی دستوں کا معائنہ کیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود کا ایک دوسرے سے تعارف کرایا گیا۔ سرکاری استقبالیہ کی اس تقریب کے بعد آیت اللہ رئیسی اور محمد شیاع السوڈانی کے درمیان دو طرفہ مذاکرات شروع ہوں گے، جس میں دونوں ممالک کے اقتصادی اور سیاسی وفود دو طرفہ اور علاقائی مسائل اور تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔
 
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے عراقی وزیراعظم کے دورہ تہران کو دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی کے تسلسل کا حصہ قرار دیا، انہوں نے اعلان کیا کہ اس سفر کے دوران عراقی وزیراعظم اور ایرانی سینیئر نائب صدر کی سطح پر دونوں ممالک کے ہائی کمشنز کی ملاقاتیں ہوں گی۔ ایرانی صدارتی دفتر کے نائب سیاسی معاون "محمد جمشیدی" نے بھی اس سفر کے حوالے سے اپنے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایا کہ عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السوڈانی، آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی سرکاری دعوت پر اقتصادی اور سیاسی وفد کی سربراہی کرتے ہوئے تہران کا سفر کر رہے ہیں۔ یہ دورہ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لئے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عراقی وزیراعظم اس دورے میں ملاقاتوں کے علاوہ تہران و بغداد کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کریں گے۔ محمد جمشیدی نے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان بات چیت اور سرکاری ملاقاتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایران و عراق کے مابین تعاون کو مناسب قرار دیا۔

ایرانی صدر کے نائب سیاسی معاون "محمد جمشیدی" نے کہا کہ یہ دورہ اقتصادی اور سیاسی ترجیحات پر مبنی ہے اور جیسا کہ 13ویں عوامی حکومت نے بارہا اعلان کیا ہے کہ ایران کی خارجہ پالیسی میں اولین ترجیح علاقائی اور پڑوسی ممالک کے ساتھ کامیاب سفارت کاری ہے۔ محمد جمشیدی نے گذشتہ سال کی نسبت ہمسایہ ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات کو بہت اچھا اور اعلیٰ سطحی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تعلقات، علاقائی خارجہ پالیسی اور پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی کا سب سے اہم اور کلیدی حصہ ہے۔ خوش قسمتی سے یہ سلسلہ بخوبی جاری ہے۔ اس حوالے سے ایران کے پڑوسی اور خطے کے ممالک کے درمیان رفت و آمد کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1027497
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش