0
Tuesday 29 Nov 2022 22:17

پاکستان ہمیشہ فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا، صادق سنجرانی

پاکستان ہمیشہ فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا، صادق سنجرانی
اسلام ٹائمز۔ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے دن کے موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر قابض اسرائیلی فورسز کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان ہمیشہ فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے سات دہائیوں میں اسرائیل نے فلسطینیوں کے ساتھ منظم اور بڑھتی ہوئی جارحیت روا رکھی اور بے گناہوں کا خون بہایا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی فورسز کے حملے، غیر قانونی آباد کاری، قبضہ، فلسطینیوں کی جبری بے دخلی، انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ مشرق وسطی کے مسائل کی جڑ ہے اور فلسطین کے مسئلہ کا حل اقوام عالم اور خاص طور پر خطے کے امن کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فلسطین کے مسئلے کو سنجیدہ لیتے ہوئے جلد سے جلد بہتری کیلئے اقدامات اٹھائیں اور بین الاقوامی برادری جلد از جلد مسئلہ فلسطین کے جامع اور منصفانہ حل کیلئے کردار ادا کرے۔ مسئلہ فلسطین کا حل فلسطینیوں، خطے اور دنیا کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن فلسطینی بھائیوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان بحیثیت قوم جدوجہد آزادی میں فلسطینیوں کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑے گا اور ان کی آزادی اور حقوق کیلئے ہر پلیٹ فارم پر آواز اٹھاتا رہے گا۔ تمام مسلم ممالک کی ذمہ داری ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے مل کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایوان بالا کی جانب سے دنیا بھر کے پارلیمنٹ کے اسپیکر کو فلسطینیوں کے ساتھ ہونے والی جارحیت اور جارحیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کو فلسطین میں جاری جارحیت کو رکوانے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 1027568
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش