0
Wednesday 30 Nov 2022 00:06

سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا استعفیٰ نامنظور

سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا استعفیٰ نامنظور
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹر اعظم نذیر کا وزیرقانون کی حیثیت سے دیا گیا استعفیٰ نامنظور کرتے ہوئے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا استعفیٰ نامنظور کر دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام لے کر وفاقی وزرا کا وفد اسلام آباد میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی رہائش گاہ پہنچا اور وزیراعظم کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے مطابق وفاقی وزرا کے وفد نے اعظم نذیر تارڑ کو بتایا کہ وزیراعظم نے استعفیٰ نامنظور کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر قانون کے منصب پر ذمہ داریاں جاری رکھیں۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر اعظم نذیر تارڑ بدھ کو وزیر قانون کی ذمہ داریاں پھر سے سنبھالیں گے۔ قبل ازیں اعظم نذیر تارڑ نے 24 اکتوبر کو وزیر قانون کے عہدے سے استعفی دیا تھا، جس کے بعد وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کو وزیر قانون کی اضافی ذمہ داریاں سونپ دی گئی تھیں اور اس حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری ہوا تھا۔ خیال رہے کہ اعظم نذیر تارڈ نے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس کے چند گھنٹوں بعد ہی اپنی وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اس حوالے سے کہا تھا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر بطور وفاقی وزیر اپنی ذمہ داریاں جاری نہیں رکھ سکتا۔

 
خبر کا کوڈ : 1027585
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش