0
Wednesday 30 Nov 2022 18:44

پاکستان میں بدامنی پھیلانے والے عناصر قومی سلامتی کیلئے مستقل خطرہ ہیں، علامہ شبیر میثمی

پاکستان میں بدامنی پھیلانے والے عناصر قومی سلامتی کیلئے مستقل خطرہ ہیں، علامہ شبیر میثمی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے کوئٹہ میں پولیس سیکورٹی اہلکاروں کے ٹرک پرخودکش حملے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بدامنی پھیلانے والے عناصر قومی سلامتی اور سالمیت کے لئے مستقل خطرہ ہیں، دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر حکومت کی طرف سے محض تعزیت کے بیان جاری کرکے دیگر ذمہ داریوں سے خود کو بری الذمہ سمجھ لیا جاتا ہے، حکومت کوئٹہ جیسے حساس شہر سے دہشت گردوں کی کمین گاہوں کا تدارک کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے جو سوالیہ نشان ہے، اپنے ذاتی مفاد کے لئے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگانے والی شخصیات کے خلاف جب تک گھیرا تنگ نہیں کیا جاتا تب تک دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائیوں سے اس قوم کے عزم و حوصلوں کو پسپا نہیں کیا جا سکتا، پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش دراصل پاک چائنا اکنامک کوریڈور کی تکمیل کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنا ہے، استعماری قوتیں ہمیں خطے میں کمزور کرنے کے درپے ہیں، دشمن کی چال بازیوں کا جواب دانش و بصیرت اور جرات سے دینا ہوگا، طاغوتی طاقتیں مسلم ممالک کی خو د مختاری کو آئے روز چیلنج کرنے میں مصروف ہیں، یہود و نصاریٰ کی اسلام دشمنی کا فوری درک کرتے ہوئے امت مسلمہ کو باہمی اتحاد کی جانب بڑھنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 1027708
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش