0
Wednesday 30 Nov 2022 22:29

دشمن کی ہر بزدلانہ حرکت ہمارے حوصلے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بناسکتے، عبدالخالق شیخ

دشمن کی ہر بزدلانہ حرکت ہمارے حوصلے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بناسکتے، عبدالخالق شیخ
اسلام ٹائمز۔ آئی جی بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے متزلزل نہیں کرسکتے ہیں۔ صوبے کے پرامن ماحول کو خراب کرنے والے اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے ہیں۔ بلوچستان پولیس نے ان گنت جانی و مالی قربانیاں دے کر نہ صرف تخریب کاروں کے نیٹ ورک کو غیر فعال کیا، بلکہ ان کی کمین گاہوں تک ان کا پیچھا بھی کیا اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلیلی میں پولیو مہم کی ڈیوٹی کے دوران ٹرک پر دھماکے کے نتیجے میں پولیس جوان اور شہریوں کی اموات اور متعدد کے زخمی ہونے پر مذمت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے سے شدت پسندوں کا قلع قمع کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ پولیس اور دیگر سکیورٹی ادارے، شرپسندوں اور تخریب کاروں کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے ذریعے ٹھکانے لگانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے یکجان ہو کر دشمن کی سرکوبی کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ جس سے دشمن کے پاوں لڑ کھڑا گئے ہیں۔

حالیہ خودکش دھماکے سے یہی امر عیاں ہے کہ ہارا ہوا دشمن کبھی اسکولوں، تو کبھی پارکوں میں خودکش دھماکے کر کے بچوں اور خواتین سمیت بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس پر خودکش دھماکہ ان کی شکست اور بوکھلاہٹ کا اظہار ہے۔ ہمارے دشمن ایسی فورس کے حوصلہ پست کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے جس کے فرض میں جان قربان کرنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حملوں سے ہمارے ارادوں کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔ ایسے واقعات اور دشمن کی ہر بزدلانہ حرکت ہمارے حوصلے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بناسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم اور یقین ہے کہ اپنے صوبے اور ملک سے ہر قیمت پر تخریب کاری اور شدت پسندی کا خاتمہ کر کے رہیں گے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کے ہمراہ، آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمٰن بلوچ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ اور دیگر پولیس اور سول حکام نے پولیس لائن کوئٹہ میں اے ایس آئی محمد ابراہیم کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 1027763
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش