QR CodeQR Code

پاکستان اور ترکیہ باہمی تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں، حنا ربانی

30 Nov 2022 22:41

پاکستان اور ترکیہ کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے جناح کنونشن سنٹر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برای امور خارجہ کا کہنا تھا کہ ترکیہ نے پاکستان میں حالیہ بدترین سیلاب میں اپنے پاکستانی بھائیوں کی بھرپور امداد کی، پاکستان میں 2010ء کے ہولناک سیلاب کے دوران بھی ترکیہ کی امداد اور خدمات قابل ستائش تھیں، ترکیہ نے2005ء کے زلزلے میں بھی پاکستان کی دل کھول کر امداد کی تھی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ آئندہ تین سال میں باہمی تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں، دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے جناح کنونشن سنٹر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں انہوں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ترکیہ کے سفیر مہمت پچاجی سمیت مختلف ممالک کے سفیر بھی تقریب موجود تھے۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید بڑھا رہے ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، ترکیہ نے پاکستان میں حالیہ بدترین سیلاب میں اپنے پاکستانی بھائیوں کی بھرپور امداد کی، پاکستان میں 2010ء کے ہولناک سیلاب کے دوران بھی ترکیہ کی امداد اور خدمات قابل ستائش تھیں، ترکیہ  نے2005ء کے زلزلے میں بھی پاکستان کی دل کھول کر امداد کی تھی۔

وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے بھائی چارے کی تاریخ کافی پرانی ہے، پاکستان سے لوگوں کی ایک کثیر تعداد سیر و سیاحت کیلئے ترکیہ جاتی ہے، پاکستان کے ترکیہ کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات دنیا کے دیگر ممالک سے الگ ہیں۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان کو اپنے ترک بھائیوں پر ہمیشہ فخر رہا ہے، ترکیہ نے معاشی اور سیاسی محاذ پر ہمیشہ پاکستان کی معاونت کی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مثالی عوامی روابط ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں تبدیل ہوگئے ہیں، وزیراعظم پاکستان نے اس سال جون اور نومبر میں ترکیہ کا دورہ کیا جبکہ ملجم پی این ایس خیبر کا مشترکہ افتتاح بھی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگست 2022ء میں دونوں ملکوں کے درمیان سامان کی تجارت کے معاہدے پر دستخط کئے گئے، جس کا مقصد 5 ارب ڈالر کے دو طرفہ تجارتی ہدف کو حاصل کرنا ہے۔

قبل ازیں پاکستان ترکیہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ایک کلچرل نائٹ کا اہتمام کیا گیا۔ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، کلچرل نائٹ کا اہتمام وزارت خارجہ اور اسلام آباد میں ترکیہ کے سفارت خانے نے مشترکہ طور پر کیا تھا، جس میں پاکستان اور ترکیہ کی بھرپور ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔ اس سے قبل دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنی اپنی وزارت خارجہ میں بیک وقت شجر کاری کی تقریبات کا انعقاد کیا۔ اسلام آباد میں درخت پاکستان کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر اور پاکستان میں ترکیہ کے سفیر نے مشترکہ طور پر لگایا، جبکہ ترکیہ کے نائب وزیر برائے خارجہ امور فاروق کیماچی اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے انقرہ میں درخت لگایا۔


خبر کا کوڈ: 1027807

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1027807/پاکستان-اور-ترکیہ-باہمی-تجارتی-حجم-5-ارب-ڈالر-تک-پہنچانے-کیلئے-پرعزم-ہیں-حنا-ربانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org