0
Thursday 1 Dec 2022 19:22

الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کا ذیلی ونگ بن چکا ہے، صاحبزادہ حامد رضا

تعلیمی اداروں میں یونین سازی کا عمل بحال ہونا چاہیے، اے ٹی آئی کے وفد سے گفتگو
الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کا ذیلی ونگ بن چکا ہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء بورڈ پنجاب اور سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکمران اقتدارِ کی خاطر ملک و قوم کے مستقبل سے کھیلنا بند کریں۔ طلبہ یونینز کی بحالی پر پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی کے موقف کی تائید کرتے ہیں۔ تعلیمی اداروں میں یونین سازی کا عمل بحال ہونا چاہیے۔ طلبہ یونینز جمہوریت کی نرسریاں ہیں۔ طلبہ یونینز پر عائد پابندی ختم کرکے طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمرانوں نے آٹھ ماہ میں ملک میں تباہی پھیلا دی ہے۔ سیلاب متاثرین کا فنڈ کھانے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ بے یارو مددگار سیلاب متاثرین حکمرانوں کی جان کو رو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فضل الرحمن کی خواتین کے بارے میں نازیبا الفاظ شرمناک فعل ہے۔وفاقی حکومت اپنی ناکام پالیسوں کی وجہ سے ہر شعبے میں ناکام ہو رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمنِ طلبہ اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل خواجہ اسلم رضا کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں عبدالصبور ہنجرا، دانش وڑائچ مصطفائی، نعمان ملک، جنید اجمل اور دیگر شامل تھے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کا ذیلی ونگ بن چکا ہے۔الیکشن کمیشن کا غیر جانبدار رہنا آئین کا تقاضا ہے مگر الیکشن کمیشن حکومتی اتحادی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ عقل کے اندھے حکمران جان بوجھ کر ملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کر رہے ہیں۔ اداروں کو متنازعہ بنانے کی حکومتی سازشیں ناکام ہونگیں۔ انہوں نے مزید کہا نااہل امپورٹڈ حکومت کیخلاف عوام کی بیزاری خطرناک حدوں کو چھو رہی ہے۔ سیاست کے فرعونوں نے قومی خزانہ لوٹنے کے بعد این آر او حاصل کرکے مقدمات ختم کروائے ہیں۔ طبقاتی نظام تمام مسائلِ کی جڑ ہے۔ چہرے نہیں نظام بدے گا تو عوام کا مقدر بدلے گا۔ بالادست طبقے نے سیاست و جمہوریت کو یرغمال بنا رکھا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1027921
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش