QR CodeQR Code

کراچی کے میئر کیلئے فیصلہ پارٹی قیادت اور عوام کریں گے، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

1 Dec 2022 20:16

میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن نے جو پریس کانفرنس بلدیاتی انتخابات کے بعد 16 جنوری کو کرنی تھی وہ ابھی سے شروع کردی ہے انہیں ”مرتضیٰ وہاب فوبیا“ ہوگیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے میئرکے لئے فیصلہ پارٹی قیادت اور عوام کرے گی کہ کس کو کراچی کا میئر ہونا چاہیئے، منفی سیاست نے ہمیشہ نقصان پہنچایا اس سے بچنا چاہیئے، تنقید برائے تنقید کے بجائے اچھے کام کی تعریف بھی ہونی چاہیئے، میں تنقید سے نہیں گھبراتا، بوٹ بیسن کلفٹن میں پارک کو معروف سفارت کار واجد شمس الحسن کے نام سے منسوب کرنے کا مقصد ملک کے لئے ان کی گرانقدر خدمات کا اعتراف ہے، کراچی کو گرین سٹی بنانے کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کررہے ہیں، شہر کو سرسبز بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ یہ بات انہوں نے بوٹ بیسن کلفٹن میں واجد شمس الحسن فیملی پارک کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء نجمی عالم، ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے صدر خلیل ہوت، ڈی ایم سی ساؤتھ کی ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ڈی ایم سی ساؤتھ کی انتظامیہ کو شاباش دیتا ہوں کہ انہوں نے اتنا اچھا اور خوبصورت پارک بنایا، میری کوشش ہے کہ صاف ستھرا، ہرا بھرا اور مسکراتا ہوا کراچی نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن نے جو پریس کانفرنس بلدیاتی انتخابات کے بعد 16 جنوری کو کرنی تھی وہ ابھی سے شروع کردی ہے انہیں ”مرتضیٰ وہاب فوبیا“ ہوگیا ہے، کراچی کی ترقی کے دشمن نہیں چاہتے کہ یہاں ترقی و خوشحالی آئے اور عوام کے مسائل حل ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اسمبلیوں سے استعفٰے دینے کا اعلان پہلے کیا اور اپنی پارٹی کے لوگوں سے مشورہ بعد میں کر رہے ہیں، یہ طریقہ کار آج تک نہیں دیکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس شہر کو اون کرنا ہے، اپنے شہر کو صاف ستھرا رکھنا اور پودے اور درخت لگانا ہماری ذمہ داری ہے۔


خبر کا کوڈ: 1027937

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1027937/کراچی-کے-میئر-کیلئے-فیصلہ-پارٹی-قیادت-اور-عوام-کریں-گے-بیرسٹر-مرتضی-وہاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org