0
Thursday 1 Dec 2022 23:50

مغربی کنارے میں اسلامی مزاحمت کا خاتمہ وہم کے سوا کچھ نہیں، اسلامک جہاد

مغربی کنارے میں اسلامی مزاحمت کا خاتمہ وہم کے سوا کچھ نہیں، اسلامک جہاد
اسلام ٹائمز۔ مہر نیوز ایجنسی کے مطابق فلسطین میں اسلامی مزاحمت کے گروہ اسلامک جہاد کے اعلی سطحی رہنما احمد المدلل نے آج جمعرات یکم دسمبر 2022ء کے دن المسیرہ نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا: "جب تک غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے قبضہ اور غصب جاری رہے گا اس وقت تک جہاد اور جدوجہد بھی جاری رہے گی اور یہ ہمارے شہداء خاص طور پر آج کے دو شہید محمد السعدی اور نعیم الزبیدی کی وصیت ہے۔" انہوں نے مزید کہا: "صیہونی دشمن سمجھتا ہے کہ جب وہ ہمارے ایک کمانڈر کو شہید کرے گا تو گویا مزاحمت ختم ہو جائے گی لیکن یہ اس کا وہم اور بھول ہے کیونکہ فلسطینی شہریوں کی شہادت انتقام کی آگ کو مزید شعلہ ور کر رہی ہے۔" احمد المدلل نے آج جنین میں شہداء کی تشییع جنازہ کی تقریب کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے ہر فلسطینی مجاہد کو شہید کرنے کے بعد ہم دیکھتے ہیں کہ عوام مزاحمت کی مرکزیت میں متحد ہو جاتے ہیں اور پہلے سے بڑھ کر اس کی حمایت کرتے ہیں۔"
 
اسلامک جہاد کے اعلی سطحی رہنما نے مزید کہا: "مغربی کنارہ اور قدس شریف فلسطینیوں کے قومی منصوبے کا مرکز ہیں اور مغربی کنارے کی اہمیت کے پیش نظر غاصب صیہونی رژیم اس علاقے میں اسلامی مزاحمت ختم کرنے کی کوشش میں مصروف ہے اور یقیناً اسے اس مقصد میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔" یاد رہے آج جمعرات یکم دسمبر 2022ء کے دن غاصب صیہونی فورسز نے مغربی کنارے کے شمال میں واقع جنین کیمپ پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں فلسطینی مجاہدین کے ساتھ مسلح جھڑپیں انجام پائیں۔ ان شدید جھڑپوں کے نتیجے میں 26 سالہ فلسطینی جوان محمد ایمن السعدی اور 27 سالہ فلسطینی جوان نعیم جمال زبیدی شہید ہو گئے۔ محمد ایمن السعدی بٹالین کمانڈرز میں سے تھی جبکہ نعیم جمال زبیدی بٹالین کا حصہ تھے۔ فلسطینی ذرائع کے بقول گذشتہ 72 گھنٹے کے اندر غاصب صیہونی فورسز نے 9 فلسطینی مجاہدین کو شہید کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1027976
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش