0
Friday 2 Dec 2022 13:57

سپریم کورٹ نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی بحال کر دیا

سپریم کورٹ نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی بحال کر دیا
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کے حمایت یافتہ اور وفاقی حکومت کی جانب سے معطل کیے جانیوالے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو سپریم کورٹ نے بحال کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی بحالی کی درخواست پر سماعت کی۔ وکیل عابد زبیری نے کہا کہ غلام محمود ڈوگر کو فیڈرل سروس ٹربیونل نے بحال کیا تھا اور سروس ٹربیونل کے 2 رکنی بینچ نے بحالی کا فیصلہ معطل کر دیا، ٹربیونل کے دو رکنی بینچ کا فیصلہ دوسرا دو رکنی بینچ معطل نہیں کر سکتا جبکہ حکومت کی نظرثانی درخواست بھی ٹربیونل میں زیرالتوا تھی۔

وکیل کے دلائل پر جسٹس اعجاز نے سوال کیا کہ ٹربیونل کا ایک بینچ دوسرے بینچ کا فیصلہ کیسے معطل کر سکتا ہے؟ خصوصی بینچ نے ایک جانب کہا درخواست قبل از وقت ہے اور ساتھ ہی حکم معطل کر دیا۔ جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے کیسے کہہ دیا کہ آئینی درخواست قابل سماعت نہیں؟ بعد ازاں عدالت نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو بحال کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔ عدالت نے سروس ٹربیونل کے خصوصی بینچ کے فیصلے کیخلاف اپیل پر وفاقی حکومت کو بھی نوٹس جاری کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے غلام محمود ڈوگر کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر انہوں نے وفاق کی ہدایت پر عمل نہیں کیا تھا اور کام جاری رکھا تھا، جس پر انہیں معطل کیا گیا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی پر قاتلانہ حملے کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں نے لاہور میں احتجاج کے دوران گورنر ہاؤس لاہور پر بھی توڑ پھوڑ کی تھی۔ غلام محمد ڈوگر پر گورنر ہاؤس کو تحفظ دینے میں غفلت برتنے اور پولیس کو سیاست زدہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 1028050
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش