0
Friday 2 Dec 2022 21:47

یوکرائنی جنگ میں استعمال کیلئے روس کو اسلحے کی ترسیل کا دعوی بے بنیاد الزام ہے، امیر عبداللہیان

یوکرائنی جنگ میں استعمال کیلئے روس کو اسلحے کی ترسیل کا دعوی بے بنیاد الزام ہے، امیر عبداللہیان
اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے آج اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینٹونیوگیوٹرس کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔ اپنی گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ نے یوکرائنی جنگ سے متعلق ایران کے اصولی موقف پر روشنی ڈالی اور مشرق میں بلاجواز توسیع پر مبنی نیٹو کی غلط سیاست کو اس جنگ کی اصلی جڑ قرار دیتے ہوئے یوکرائنی جنگ میں استعمال کے لئے ایران کی جانب سے روس کو اسلحے کی ترسیل کے مغربی الزام کو سختی کے ساتھ مسترد کیا ہے۔ اس حوالے سے اپنی گفتگو میں حسین امیر عبداللہیان نے مغربی ممالک کے مذکورہ دعوے کو بے بنیاد الزام قرار دیا اور تاکید کی کہ مغربی ممالک کے اس بے بنیاد الزام کا مقصد ان کی جانب سے یوکرائن کو ارسال کئے جانے والے غیر قانونی اسلحے کی ترسیل کا جواز گھڑنا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اس بے بنیاد الزام کا دعوی کرنے اور ایران کو بلاجواز تنقید کا نشانہ بنانے والے مغربی ممالک کو یوکرائنی جنگ کا آغاز کرنے اور اسے تاحال جاری رکھنے والا فریق قرار دیا اور اس جنگ میں شریک دونوں ممالک کو اسلحے کی ترسیل سے متعلق اسلامی جمہوریہ ایران کی مخالفت پر ایک مرتبہ پھر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کسی بھی اقدام کا نتیجہ طرفین کے جانی و مالی نقصان میں زیادہ سے زیادہ اضافے کی صورت میں نکلے گا۔ حسین امیر عبداللہیان نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے خاتمے اور یورپ میں امن و امان کی بحالی کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی جاری کوششوں پر بھی تاکید کی۔

اس موقع پر حسین امیر عبداللہیان نے ایران کے اندرونی حالات اور ایران میں پرتشدد ہنگاموں، جلاؤ گھیراؤ، ٹارگٹ کلنگ، غلط اطلاعات و افواہوں کے رواج اور عالمی سطح پر ان حالات کے حوالے سے بین الاقوامی میکنزم سے منظم طور پر غلط فائدہ اٹھانے کے امریکہ و بعض یورپی ممالک کے مذموم اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور ان کی پرزور مذمت کی۔ اپنی گفتگو کے آخر میں انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران سفارتکاری و گفتگو کو بہترین طریقہ کار جانتا ہے، واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دوسرے اختیارات کے حوالے سے بھی ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھا نہیں رہے گا!

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینٹونیوگیوٹرس نے بھی خطے کی سطح پر گفتگو کے تسلسل پر تاکید کی اور اس حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے مثبت کردار کو سراہا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے امید ظاہر کی کہ یوکرائنی جنگ کے خاتمے سے متعلق اسلامی جمہوریہ ایران کی کوششوں سے جنگ بندی قائم اور مشکلات حل ہو جائیں گی۔ اینٹونیوگیوٹرس نے ملک کے اندر وقوع پذیر ہونے والے حادثات پر قومی تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کے ایرانی اقدام کو بھی سراہا اور اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ مذاکرات و سفارتکاری ہی خطے سمیت پوری دنیا کے مسائل کا واحد حل ہے، یمنی بحران کے حل کے لئے جاری ایرانی کاوشوں کا خیرمقدم اور اس حوالے سے ایران کے مزید موثر اقدامات کے تسلسل پر تاکید کی۔ ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق دونوں سربراہان نے اپنی گفتگو میں ایران پر عائد غیرقانونی پابندیوں کے خاتمے کے لئے جاری مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی و تہران کے درمیان باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
خبر کا کوڈ : 1028122
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش