QR CodeQR Code

لوگ ہماری نہیں تو نواز شریف کی بات ضرور سنیں گے، رانا ثناء اللہ

3 Dec 2022 12:22

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مران خان پہلے کہتا تھا کہ میں مرجاوں گا، اپوزیشن سے بات نہیں کروں گا، اب اس نے مذاکرات کی بات کردی ہے، یہ بات اس کوبہت پہلے کرنی چاہیے تھی۔ تاہم وزیراعظم اس پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ سپیشل جج اینٹی نارکوٹکس کی عدالت میں رانا ثنااللہ کیخلاف پندرہ کلو ہیروئن کیس کی سماعت ہوئی۔ رانا ثنا اللہ پیش ہوئے، جن کی حاضری مکمل کی گئی۔ آج وکلا کی متفرق درخواست پر بحث ہونا تھی، لیکن ایک ملزم اکرم کو دل کی تکلیف ہونے پر کارروائی نہ ہو سکی۔ عدالت نے سماعت دس دسمبر تک ملتوی کر دی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا عمران خان پہلے کہتا تھا کہ میں مرجاوں گا، اپوزیشن سے بات نہیں کروں گا، اب اس نے مذاکرات کی بات کر دی ہے، یہ بات اس کو بہت پہلے کرنی چاہیے تھی، تاہم وزیراعظم اس پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔

انہوں نے کہا توشہ خانہ سے گھڑیاں اور دیگر چیزیں چوری کرکے پاکستان کو دنیا میں تماشہ بنا دیا، گورنر راج لگتا ہے یا عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے گی؟ کے سوال پر انہوں نے کہا ابھی تک کوئی مشاورت نہیں کی گئی، جو اسمبلی ٹوٹے کی اس پر ضمنی الیکشن کرا دیں گے، جب الیکشن ہونگے میاں نواز شریف ہمارے درمیان موجود ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، وزیراعظم اتحادیوں سے مشاورت کے بعد ایک دو روز میں بات کریں گے۔ وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ سیاست میں گفتگو اور مذاکرات کے بغیر آپ آگے نہیں بڑھ سکتے، سیاست میں ایک دوسرے کو ساتھ لیکر چلنا پڑتا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو اپنے کالے کرتوتوں کی وجہ سے اندر جانا ہے، فرح گوگی پنجاب سے کروڑوں روپے پوسٹنگ ٹرانسفرز کے پیسے اکٹھی کرتی رہی، گھڑیاں چوری کرکے قوم اور ملک کی عزت کو نقصان پہنچایا گیا۔ وزیرِ داخلہ نے کہا کہ وفاق، سندھ، بلوچستان میں ہماری حکومتیں برقرار رہیں تو ہم بہتر پوزیشن میں ہوں گے، الیکشن میں جانے سے پہلے لوگوں کے سامنے مہنگائی کی وجوہات رکھیں گے، ہماری نہیں تو لوگ نواز شریف کی بات ضرور سنیں گے۔ رانا ثناء اللّٰہ نے مونس الہٰی کے انٹرویو پر ردّعمل دیتے ہوئے شعر کا سہارا لیا اور کہا ’’ہوئے تم دوست جس کے دشمن اس کا آسماں کیوں ہو‘‘۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ میرے اور عمران خان کے خون کی جانچ کرا لیں، پتہ لگ جائے گا نشہ کس کے خون میں ہے۔


خبر کا کوڈ: 1028221

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1028221/لوگ-ہماری-نہیں-نواز-شریف-کی-بات-ضرور-سنیں-گے-رانا-ثناء-اللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org