0
Saturday 3 Dec 2022 14:33

عمران خان اپنی کارکردگی نہیں دیکھتے، اللہ کا شکر ہے انکا اقتدار ختم ہوگیا، وزیراعلیٰ سندھ

عمران خان اپنی کارکردگی نہیں دیکھتے، اللہ کا شکر ہے انکا اقتدار ختم ہوگیا، وزیراعلیٰ سندھ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کافی کچھ سیکھ لیا ہوگا اب سنجیدگی آجانی چاہیئے، اتحادیوں نے عمران خان کے ساتھ کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ عمران خان عدم اعتماد کے ذریعے جمہوری طریقے سے نکالے گئے، وہ اپنی کارکردگی نہیں دیکھتے، اللّٰہ کا شکر ہے کہ ان کا اقتدار ختم ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کو بات چیت کرنی ہے تو اس میں کنڈیشن نہیں لگائی جاتی، پاکستان کی بہتری کے لیے بات چیت ضروری ہے۔ پی پی کے رہنما کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنی کارکردگی نہیں دیکھتا، کبھی سازش میں چلا جاتا ہے کبھی کیا کہتا ہے، یہ شخص چند گھنٹوں کے لئے سکھر آیا، کھانا کھایا اور چلا گیا، مونس الہٰی نے جو کہا ہے کہ وہ ان سے پوچھیں، عمران خان کو آئینی طریقہ سے نکالا، اتنی سی بات ان کو سمجھ نہیں آرہی ہے۔

وزیرِاعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ لوگوں کو بہت زیادہ مشکلات ہیں، ملک میں بدترین سیلاب آیا، جنوری میں ڈونر کانفرنس ہونے والی ہے، ہم اس کے لئے کام کر رہے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، ایم کیو ایم کے ساتھ پہلے بھی اتحاد رہا ہے، ایم کیو ایم کے ساتھ اس صوبے کی بہتری کے لئے ساتھ چلنا ہے، ہم الیکشن کے لئے ہر وقت تیار ہیں، پیپلز پارٹی پر اس کے ورکرز کا شدید دباؤ ہے، ایم کیو ایم کے لوگ اپنے خدشات سے پہلے بھی ہمیں آگاہ کرتے رہتے ہیں، ایم کیو ایم کے خدشات الیکشن کے لئے نہیں ہیں، ہم ان کے خدشات ضرور دور کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اپنے دور میں کراچی پر توجہ نہیں دی، ہمیں مہنگائی کا اندازہ ہے، اس نے ساڑھے تین پونے چار سال تباہی مچائی، انتظامی طور پر دیکھنا ہے کہ الیکشنز کیسے کرانے ہیں۔

انہوں نے مزید کہنا کہ 20 ہزار سے زائد اسکول سیلاب سے تباہ ہوئے ہیں، انتخابات اسکول میں کرائے جاتے ہیں، پہلے لوگوں کو تو بچالیں، یہ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب تھا۔ سندھ کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2020 میں بھی سیلاب آیا تھا، سندھ میں عمران خان نے کچھ نہیں کیا، اس دوران عمران خان 11 سو ارب روپے کا اعلان کرکے چلے گئے، دنیا کی جب توجہ چاہیئے تھیں تو وہ جلد الیکشن کی بات کرتے تھے، عمران خان نے بھی ٹیلی تھان کی تھی پیسے جمع کئے، کہاں گئے معلوم نہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ لوگ سمجھتے ہیں ہم ریلیف اور ریسکیو کے عمل سے گزر گئے، ایسا نہیں ہے، سندھ کے 80 سے 85 فیصد علاقوں سے پانی نکال لیا گیا ہے، جہاں سیلاب آیا وہاں لوگوں کے گھر گر گئے ہیں، ان کے پاس کھانے کے لئے کچھ نہیں، سیلاب کی وجہ سے ہماری تکالیف میں اضافہ ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1028245
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش