QR CodeQR Code

ہمارے بعض اتحادیوں کو ان سے بات کرنے پر شدید تحفظات ہیں

دھمکیاں اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے، حکومت کا عمران خان کو جواب

دھمکی آمیز لہجے کے باعث انہیں کچھ نہیں ملے گا، غیر مشروط مذاکرات کیلئے بیٹھیں

3 Dec 2022 14:30

وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق اور رانا ثناء اللہ نے لاہور ماڈل ٹاؤن میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات عمران خان کی ضرورت ہیں ہماری نہیں، کوئی ایڈونچر کرنا چاہتا تو کر لے، اسمبلیاں توڑنے کا حصہ نہیں بنیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی پیشکش پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھمکیاں اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق اور رانا ثناء اللہ نے لاہور ماڈل ٹاؤن میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات عمران خان کی ضرورت ہیں ہماری نہیں، کوئی ایڈونچر کرنا چاہتا تو کر لے، اسمبلیاں توڑنے کا حصہ نہیں بنیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کی مشاورت سے فیصلہ ہوگا، چیئرمین پی ٹی آئی نے 4 سال تک اپوزیشن سے ہاتھ نہیں ملایا، کوئی ہم سے دھمکی آمیز مذاکرات کرنے کی کوشش نہ کرے۔ وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی نے کہا کہ عمران خان نے کل دھمکی آمیز مذاکرات کی پیشکش کی، ہمارے بعض اتحادیوں کو ان سے بات کرنے پر شدید تحفظات ہیں، دھمکیاں اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے، مذاکرات ان کی ضرورت ہیں ہماری نہیں۔

یہ لوگ مذاکرات کا خود کہتے ہیں اور بتاتے ہوئے شرماتے ہیں۔ سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے نزدیک اسمبلیاں توڑنا احسن عمل نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں، اگر آپ مذاکرات چاہتے ہیں تو فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی، مذاکرات کا عمل سیاست کا حصہ ہے، آپ سنجیدہ بات کریں گے تو سنجیدہ جواب ملے گا۔ شہباز شریف کی میثاق معیشت کی پیشکش کا عمران خان کی حکومت نے مذاق اڑایا، پچھلی حکومت سے قانون سازی میں تعاون کیا اور ہر بار ہمیں این آر او کا طعنہ دیا گیا۔ وزیر ریلوے کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں بھی ہمارے غیر رسمی روابط ہوئے ہیں، ہم نے کہا تھا کہ اگر آپ مذاکرات چاہتے ہیں تو فیصلہ پی ڈی ایم نے کرنا ہے، مذاکرات کبھی مشروط نہیں ہوا کرتے، ہمارے بعض اتحادیوں کو شدید تحفظات ہیں کہ ان سے بات نہیں کرنی۔

اگر عمران خان سنجیدہ ہیں تو انہیں سمجھ لینا چاہیئے کہ دھمکیاں اور مذاکرات ساتھ نہیں چلتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں ہم بات بھی کرسکتے ہیں اور قدم بھی اٹھا سکتے ہیں، اسمبلیاں قانون سازی اور گورننس کیلئے بنتی ہیں، ہر اسمبلی کو اپنی مدت پوری کرنا چاہیئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ان کا ماضی کا رویہ مناسب نہیں رہا، یہ ہمیں دھمکی آمیز مذاکرات کی پیشکش نہ کریں، دھمکی آمیز لہجے کے باعث انہیں کچھ نہیں ملے گا، غیر مشروط مذاکرات کے لیے بیٹھیں۔


خبر کا کوڈ: 1028254

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1028254/دھمکیاں-اور-مذاکرات-ایک-ساتھ-نہیں-چل-سکتے-حکومت-کا-عمران-خان-کو-جواب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org