0
Saturday 3 Dec 2022 16:57
سہولت کاروں کو نہیں معلوم کہ ملک کہاں جا رہا ہے؟

رواں ماہ ہی اسمبلیاں توڑ کر الیکشن کی طرف جائیں گے، عمران خان

نواز شریف اور آصف زرداری ملک کی بہتری کیلئے فیصلے نہیں کرتے
رواں ماہ ہی اسمبلیاں توڑ کر الیکشن کی طرف جائیں گے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ اسی ماہ اسمبلیاں توڑ کر الیکشن کی طرف جائیں گے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعظم سواتی کو ننگا کرکے تشدد کیا گیا، سب کو کہہ رہا ہوں کہ اعظم سواتی کے لیے احتجاج کرنا ہے، جو اعظم سواتی کے ساتھ کیا گیا، وہ ظلم کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے ان کو کہا اگر جنرل الیکشن کی تاریخ دینے میں بات کرنا چاہتے ہیں تو ہم بات کریں گے، مجھے لگتا ہے کہ ہم جنرل الیکشن کی طرف جا رہے ہیں، ہینڈلرز کو پتہ ہونا چاہیئے، جنہوں نے اس ملک میں رہنا ہے، نقصان ان کا ہو رہا ہے، اس صورتحال میں ملک مزید خطرے میں ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی بھی اب یہ نہیں سمجھتا کہ پاکستان اپنا قرض واپس کرے گا۔

بیرون ملک کی فنانشل مارکیٹس کا اعتماد ان پر نہیں رہا، یہ لوگ ملک کو تباہی کے کنارے پر کھڑا کرکے تیسری مرتبہ باہر بھاگیں گے، الیکشن کمیشن ان کے ساتھ ملا ہوا ہے، الیکشن کمیشن ان کی پارٹی کا کوئی ممبر لگتا ہے، نواز شریف اور آصف زرداری ملک کی بہتری کے لئے فیصلے نہیں کرتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے حالات دیکھ کر ملک سے بھاگ جانا ہے، جو سہولت کار ان کو لے کر آئے، کیا ان کو نہیں معلوم کہ ملک کہاں جا رہا ہے؟ ہینڈلرز نے 7 ماہ ان کی مدد کی، ملکی حالات اس سطح پر پہنچ چکے ہیں کہ اگر الیکشن نہ ہوئے تو ملک ادھر پہنچ جائے گا، جہاں کوئی بھی کچھ نہیں کرسکتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن جب بھی ہوئے، ہم جیت جائیں گے، ملک میں سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، ان کے آنے کا صرف ایک مقصد تھا کہ ان کے اربوں کے کیسز معاف ہوں، جنرل مشرف نے ملک کو ان دونوں پارٹیوں سے بہتر چلایا، یہ پہلے ہی جنرل مشرف سے این آر او لے کر چوری معاف کرواچکے تھے، ملک آپ سے سنبھالا نہیں جا رہا، ملک ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے، حکومت کے اوپر ایک بھی شعبہ اعتماد نہیں کر رہا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات تیزی سے نیچے جا رہے ہیں، بزنس کمیونٹی کا اعتماد ان پر سے اٹھ چکا ہے، مفتاح اسماعیل اور اسحاق ڈار آپس میں لڑ رہے ہیں، ملک نیچے جا رہا ہے، یہ جو وزیر خزانہ لے کر آئے تھے، وہ آپس میں لڑ رہے ہیں، الیکشن چاہے اکتوبر میں ہوں یا اگست میں تحریک انصاف نے جیتنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1028301
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش