QR CodeQR Code

سردیوں کی تعطیلات کے دوران سکردو میں طلبہ و طالبات کو مفت ٹیوشن کی سہولت میسر ہوگی

3 Dec 2022 20:17

ڈپٹی کمشنر سکردو کے مطابق میٹرک کی کلاسز کیلئے دو سے تین ہائی سکول اور انٹرمیڈیٹ کیلئے بوائز اور گرلز کالج کو سنٹر منتخب کیا جائے گا۔ لائق اور تجربہ کار اساتذہ کی زیر نگرانی قوم کے معماروں کو معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ سکردو میں سردیوں کی چھٹیوں کے دوران طلبہ و طالبات کو مفت ٹیوشن پڑھائی جائے گی۔ مقامی انتطامیہ نے اس سلسلے میں تیاریوں کو حتمی شکل دیدی ہے۔ سردیوں کی تعطیلات کے دوران میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبا و طالبات کیلئے سائنس مضامین اور انگریزی کی کلاسز شروع کرنے کیلئے آئندہ دو روز میں پلان مرتب کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر سکردو کی زیر صدارت اہم اجلاس بھی ہوا تھا جس میں ڈائریکٹر کالجز، بوائز اور گرلز کالجز کے پرنسپلز نے شرکت کی تھی۔ اجلاس میں طلبہ و طالبات کو مفت ٹیوشن کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی گئی۔ اس سلسلے میں پرائیوٹ سکولوں کے ساتھ بھی جلد میٹنگ ہوگی۔ طلبہ کو جلد اپنی رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر سکردو کے مطابق میٹرک کی کلاسز کیلئے دو سے تین ہائی سکول اور انٹرمیڈیٹ کیلئے بوائز اور گرلز کالج کو سنٹر منتخب کیا جائے گا۔ لائق اور تجربہ کار اساتذہ کی زیر نگرانی قوم کے معماروں کو معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی۔ اس کے باوجود اگر طلباء و طالبات کی رجسٹریشن زیادہ ہو تو مزید سیکشن بڑھائیں گے اور ٹیوشن کے اوقات کار صبح 10 بجے سے دن 2 بجے تک ہونگے اور ایک پریڈ کا دورانیہ کم از کم 45 منٹ کا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ٹیوشن کلاسز کو چلانے کے لئے ضلعی انتظامیہ سکردو مکمل فنڈنگ اور سپورٹ کرے گی اور ہیٹنگ، لائٹس اور دیگر سہولیات کا انتظام کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 1028303

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1028303/سردیوں-کی-تعطیلات-کے-دوران-سکردو-میں-طلبہ-طالبات-کو-مفت-ٹیوشن-سہولت-میسر-ہوگی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org