QR CodeQR Code

تہران، عفت و حجاب کے قانون کے نفاذ کیلئے طالبات اور خواتین کا دھرنا

3 Dec 2022 23:39

رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای سے اپنی بیعت اور  تجدید عہد کرتے ہوئے دھرنے میں شامل خواتین نے عفت اور حجاب کے حولے سے رہبر انقلاب اسلامی کے افکار اور احکام کی روشنی میں عملدرآمد پر زور دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں حضرت عبدالعظیم حسنی (ع) کے مزار پر خواتین اور طالبات کے ایک گروپ نے ملک میں عفت و حجاب کے قانون کے نفاذ کے حق میں دھرنا دیا ہوا ہے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای سے اپنی بیعت اور  تجدید عہد کرتے ہوئے دھرنے میں شامل خواتین نے عفت اور حجاب کے حولے سے رہبر انقلاب اسلامی کے افکار اور احکام کی روشنی میں عمل درآمد پر زور دیا ہے۔ واضح رہے کہ علامتی طور پر احتجاج کرنیوالے گروپ کی جانب سے خواتین کے پارکس اور خواتین کے آرام اور کھیلوں کی سہولیات کی ترقی اور بہتری کا بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق خواتین نے اپنے بیان میں دعائیہ کلمات کی صورت میں کہا ہے کہ اے پروردگار، اس مقدس مقام پر اور حضرت عبد العظیم حسنی علیہ السلام کی بارگاہ میں، جن کی زیارت کا ثواب حضرت سید الشہداء علیہ السلام کی زیارت کے برابر کر دیا گیا ہے، ہم آپ کے ساتھ یہ عہد کرنے کے لیے حاضر ہیں کہ ہم اس مقدس بارگاہ کو نہیں چھوڑیں گے۔

ہم اپنے پیارے رہبر سید علی خامنہ ای سے اپنی بیعت کی تجدید کرتے ہوئے عہد غدیر کی تجدید کرتے ہیں، ہم اس عہد کے حامی ہیں، جو صیہون اور امریکہ، مجرم داعش کی قیادت میں متکبروں سے برائت کا اعلان کرتا ہے اور ہم اس عہد پر خون کے آخری قطرے تک قائم ہیں۔ واضح رہے کہ اسلامی جموہریہ ایران میں مغربی ممالک، اسرائیل اور سعودی عرب کے ایماء پر اسلامی قوانین، اسلامی شعائر اور نظام اسلامی کیخلاف چند گروہوں کی جانب سے ٹارگٹ کلنگ اور جلاو گھیراو کے واقعات کو اس طرح منفی انداز میں پیش کرنیکی کوشش کی جا رہی ہے، جیسے اسلامی نظام کمزور تر ہو رہا ہے اور ایرانی مسلمان دین مبین اسلام پر کاربند رہنا پسند نہیں کرتے۔ واضح رہے کہ ایرانی اٹارنی جنرل محمد جعفر نے اپنی گفتگو میں کہا ہے کہ مہسا امینی کی وفات کے واقعہ کو جواز بنا کر بے حجابی کو ہوا دینے والی قوتوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ حجاب سے متعلق قانون کا جائزہ لیا جا رہا ہے، پارلیمنٹ اور عدلیہ حجاب قانون پر کام کر رہے ہیں، میں یقین دلاتا ہوں کہ بے حجابی کو ہر صورت میں کنٹرول کرینگے، چند دنوں میں اس کے اثرات سامنے آنا شروع ہو جاینگے۔


خبر کا کوڈ: 1028338

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1028338/تہران-عفت-حجاب-کے-قانون-نفاذ-کیلئے-طالبات-اور-خواتین-کا-دھرنا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org