QR CodeQR Code

عراق، کسی دہشتگرد گروہ کو ہمسایہ ممالک کیخلاف جارحیت کا مرتکب نہیں ہونے دیگا، سید عمار الحکیم

4 Dec 2022 03:11

بغداد میں منعقد ہونیوالی ایک تقریب کے دوران سیاسی و سماجی رہنماؤں سے خطاب میں عراقی حکمت ملی سیاسی جماعت کے سربراہ نے قومی خودمختاری و جغرافیائی سالمیت پر زور دیتے ہوئے تاکید کی ہے کہ ملکی سکیورٹی فورسز کو فی الفور ایران و ترکی کی سرحدوں پر تعینات کیا جائے


اسلام ٹائمز۔ عراقی حکمت ملی سیاسی جماعت کے سربراہ اور معروف عالم دین سید عمار الحکیم نے ملکی سرزمین کو دہشتگردوں کے وجود سے پاک کرنے پر زور دیتے ہوئے تاکید کی ہے کہ عراق، کسی بھی دہشتگرد گروہ کو ہمسایہ ممالک کے خلاف جارحیت کا مرتکب نہیں ہونے دے گا۔ دارالحکومت بغداد میں منعقد ہونے والی ایک تقریب کے دوران سیاسی و سماجی رہنماؤں سے خطاب میں اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ قومی خودمختاری کی بھرپور حفاظت کی جانا چاہیئے، سید عمار الحکیم نے کہا کہ عراقی خودمختاری کی حفاظت کی کئی ایک شرائط ہیں جبکہ سب سے پہلے تو اس مسئلے کو عراقی وفاقی حکومت کی حاکمیت کے اولین مسئلے کے طور پر دیکھا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ عراقی سکیورٹی فورسز کو ایران و ترکی کی سرحدی پٹیوں پر فی الفور تعینات کیا جانا چاہیئے کیونکہ عراقی خودمختاری کے حصول کے لئے یہ امر انتہائی ضروری ہے کہ عراق، ہمسایہ ممالک کے خلاف جارحیت کے لئے دہشتگردوں کی راہداری یا ٹھکانے میں ہرگز بدلنے نہ پائے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ممالک کو بھی دہشتگردوں کی تعقیب پر مبنی کسی بھی اقدام کی صورت میں عراقی وفاقی حکومت کے ساتھ ہم آہنگ رہنا چاہیئے تاہم عراقی حکومت پوری سنجیدگی کے ساتھ اس کوشش میں جتی ہوئی ہے کہ ممکنہ دہشتگرد گروہ کسی صورت ہمسایہ ممالک کے خلاف جارحیت کے مرتکب نہ ہونے پائیں!


خبر کا کوڈ: 1028370

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1028370/عراق-کسی-دہشتگرد-گروہ-کو-ہمسایہ-ممالک-کیخلاف-جارحیت-کا-مرتکب-نہیں-ہونے-دیگا-سید-عمار-الحکیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org