QR CodeQR Code

قرآن پڑھنے سے بچے دین کی طرف راغب ہوں گے، چودھری پرویزالہیٰ

4 Dec 2022 15:10

علماء وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے نجی سطح پر سود کے خاتمے کیلئے پہلی قانون سازی کا اعزاز عطاء کیا ہے، ہم نے نجی سطح پر سود لینے پر 10 سال کی سزا مقرر کی ہے۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ عقیدۂ ختمِ نبوت کیلئے قانون سازی کی گئی، پہلی بار نکاح نامے میں عقیدۂ ختمِ نبوت کو شامل کیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے صدر وفاق المدارس العربیہ کی قیادت میں علماء کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ علماء سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف قرآن اینڈ سیرت اسٹڈیز کا متحدہ علماء بورڈ پنجاب ترمیمی بل اسمبلی اجلاس میں پیش کیا جا رہا ہے۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں نے وزارتِ اعلیٰ سنبھالنے کے بعد فوراً قرآن بورڈ کو بحال کیا۔ چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہر سکول اور کالج کے طلبہ کیلئے ناظرہ اور ترجمۂ قرآن بڑھنا لازمی کر دیا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بچوں کا ذہن دین کی طرف راغب ہوگا تو ایک قوم بنے گی، ناظرہ اور ترجمۂ قرآن پڑھانے کیلئے علماء اور حفاظ کیلئے 1 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں۔
 
وزیرِاعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے نجی سطح پر سود کے خاتمے کیلئے پہلی قانون سازی کا اعزاز عطاء کیا ہے، ہم نے نجی سطح پر سود لینے پر 10 سال کی سزا مقرر کی ہے۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ عقیدۂ ختمِ نبوت کیلئے قانون سازی کی گئی، پہلی بار نکاح نامے میں عقیدۂ ختمِ نبوت کو شامل کیا گیا ہے۔ مولانا تقی عثمانی نے اس موقع پر کہا کہ دین کی خدمت کی برکات سے ہی آپ کی حکومت چلے گی۔ اُنہوں نے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ دین کی خدمت کر رہے ہیں، علماء آپ کیلئے دعاگو ہیں۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ علماء کی دعاؤں اور برکتوں سے سارے کام سیدھے ہو رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1028437

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1028437/قرا-ن-پڑھنے-سے-بچے-دین-کی-طرف-راغب-ہوں-گے-چودھری-پرویزالہی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org