QR CodeQR Code

اسٹیبلشمنٹ کے مصنوعی و نااہل قیادت کے تمام تجربے ناکام ثابت ہو چکے ہیں، لیاقت بلوچ

4 Dec 2022 18:42

مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر نے کہا کہ پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت کے بھی مہنگائی کے خاتمے، معیشت کی بحالی سے لیکر عام آدمی کو ریلیف دینے کے تمام تر دعوے کھوکھلے ثابت ہو چکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بعد پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت کے بھی مہنگائی کے خاتمے، معیشت کی بحالی سے لیکر عام آدمی کو ریلیف دینے کے تمام تر دعوے کھوکھلے ثابت ہو چکے ہیں، اسٹیبلشمنٹ کے مصنوعی و نااہل قیادت کے تمام تجربے ناکام ثابت ہو چکے ہیں، آئین و جمہوریت کے مطابق اور مخلص و دیانتدار قیادت کے ذریعے ہی ملک کی ترقی و استحکام اور عوام مسائل سے نجات حاصل کر سکتے ہیں، ان خیلات کا اظہار انہوں نے نواب شاہ میں ڈویژنل بنیاد پر منعقدہ سیاسی و انتخابی مشاورتی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، جس میں ضلعی ذمہ داران، متوقع صوبائی و قومی اسمبلی کے امیدواران، برادر تنظیمات کے عہدیداران شریک تھے، جبکہ مشاورتی اجلاس سے مرکزی نائب امراء اسداللہ بھٹو، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، صدر جے آئی یوتھ زبیر گوندل، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، ناظم سوشل میڈیا شمس الدین امجد اور نائب امیر صوبہ ممتاز حسین سہتو نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا حزب اللہ جکھرو اور صوبائی اطلاعات سیکرٹری مجاہد چنا بھی تھے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں جماعت اسلامی پورے ملک میں اپنے پرچم اور نشان ترازو پر انتخابات میں حصہ اور پچاس لاکھ ووٹ حاصل کرنے کا اپنا ہدف پورا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آئین کے مطابق چلایا جائے، جمہوریت اور شفاف انتخابات سے ملک میں استحکام آئے گا، لیکن یہ اس صورت میں ہوگا کہ جب ملک میں دیانتدار حکومت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مقبولیت حاصل ہے، لیکن وہ پنجاب میں 5 سال، کے پی کے میں 10 سال اور وفاق میں 4 سال تک اقتدار میں رہنے کے باوجود عوام کو کوئی خاص ریلیف نہیں دے سکے اور نااہلی کی وجہ سے ملک کو صحیح ٹریک پر ڈال سکے، اسی طرح سندھ میں پیپلز پارٹی بھٹو کی مقبولیت اور بے نظیر بھٹو کی شہادت کی وجہ سے برسوں سے برسر اقتداد ہے، لیکن یہاں بھی خوف کا ماحول پیدا کیا گیا، شہری اور دیہی سندھ میں جدا جدا رویہ اپنایا گیا، کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات سے گریز کیا جا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1028461

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1028461/اسٹیبلشمنٹ-کے-مصنوعی-نااہل-قیادت-تمام-تجربے-ناکام-ثابت-ہو-چکے-ہیں-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org