QR CodeQR Code

بحرینی عوام کیجانب سے اسرائیلی صدر کے دورہ بحرین کی شدید مذمت

4 Dec 2022 22:37

اپنے ٹویٹ میں شیخ عیسیٰ قاسم کا کہنا تھا کہ اسرائیل کیساتھ تعلقات کی بحالی غداری ہے اور صیہونی صدر کے مذموم اقدامات سے بحرین کی سرزمین کو آلودہ کرنا ایک ایسی رسوائی ہے، جسے ہماری غیور عوام کبھی برداشت نہیں کریگی۔


اسلام ٹائمز۔ آج بحرینی مظاہرین نے ایک مشترکہ بیان میں صیہونی حکومت کے سربراہ کے دورہ منامہ کی مذمت کی اور اسے عوام کے جذبات بھڑکانے والا قدم قرار دیا۔ صیہونی حکومت کے صدر "اسحاق ہرتزوگ" کے بحرین کے پہلے دورے کے موقع پر مخالف گروہوں نے ایک بیان جاری کرکے اس سفر کی شدید مذمت کی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق، بحرینی انقلابی گروہوں کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم قابض حکومت کے سربراہ کے منحوس اور مذموم سفر کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اس سفر سے عرب عوام، امت مسلمہ، عیسائیوں اور دنیا کے تمام آزاد لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔ بحرینی مظاہرین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسحاق ہرتزوگ کا دورہ آل خلیفہ حکومت کی تنزلی کو ظاہر کرتا ہے۔ اسی دوران بحرین کے شیعہ رہنماء آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم نے بھی اپنے ٹویٹر پیج پر لکھا ہے کہ صیہونی حکومت کے سربراہ کا دورہ منامہ حکومت کے دامن پر ایک بدنما داغ اور شرمندگی کا باعث ہے۔

شیخ عیسیٰ قاسم نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی غداری ہے اور صیہونی صدر کے مذموم اقدامات سے بحرین کی سرزمین کو آلودہ کرنا ایک ایسی رسوائی ہے، جسے ہماری غیور عوام کبھی برداشت نہیں کرے گی۔ یاد رہے کہ صیہونی حکومت کے سربراہ اسحاق ہرتزوگ آج اتوار 4 دسمبر کو بحرین کے شہر منامہ پہنچے، جہاں وزیر خارجہ نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر فوجی دستے بھی موجود تھے۔ صیہونی میڈیا رپورٹس کے مطابق صیہونی حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے اسحاق ہرتزوگ کا بحرین کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی صدر ایسے وقت میں بحرین داخل ہوئے جب ملک کے چپے چپے میں ان کے خلاف عوامی احتجاج جاری ہے۔


خبر کا کوڈ: 1028493

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1028493/بحرینی-عوام-کیجانب-سے-اسرائیلی-صدر-کے-دورہ-بحرین-کی-شدید-مذمت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org