0
Sunday 4 Dec 2022 23:16

صیہونی صدر کا دورہ بحرین فلسطینی قوم کے قلب میں خنجر کی مانند ہے، جہاد اسلامی

صیہونی صدر کا دورہ بحرین فلسطینی قوم کے قلب میں خنجر کی مانند ہے، جہاد اسلامی
اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی مقاومتی تحریک "جہاد اسلامی" کے ترجمان نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ عارضی صیہونی حکومت کے سربراہ کا دورہ بحرین عرب ممالک اور مسلمانوں کے مسئلہ اول (فلسطین) کی توہین ہے۔ جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان "طارق سلمی" نے آج اتوار کی شام عارضی صیہونی حکومت کے سربراہ "اسحاق ہرتزوگ" کے دورہ بحرین کی مذمت کی ہے۔ القدس ریڈیو نے طارق سلمی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ اسحاق ہرتزوگ کا کسی بھی عرب یا اسلامی ملک کا دورہ فلسطینی قوم کے دل میں خنجر اور عرب و مسلم ممالک کے پہلے مسئلے کی تذلیل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صیہونی حکومت کے اس طرح کے دوروں کا مقصد اپنی جارحیت، دہشت گردی اور مقبوضہ بیت المقدس و مغربی کنارے کے باشندوں کے خلاف اپنی فورسز کے ہاتھوں قتل و غارت کے بڑھتے ہوئے جرائم پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔

ترجمان جہاد اسلامی نے اس مذموم سفر پر بحرین کے عوام کی مخالفت کو سراہتے ہوئے تمام عرب اور اسلامی اقوام سے مطالبہ کیا کہ وہ بلند آواز سے صیہونیوں کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی مخالفت کریں اور صیہونیوں کی جانب سے عربوں اور اسلامی دنیا میں ہر دراندازی کا مقابلہ کریں۔ اسحاق ہرتزوگ کے دورے پر بحرینی انقلابی گروہوں نے مشترکہ جاری بیان میں کہا ہے کہ ہم قابض حکومت کے سربراہ کے منحوس اور مذموم سفر کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اس سفر سے عرب عوام، امت مسلمہ، عیسائیوں اور دنیا کے تمام آزاد لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔ مظاہرین نے کہا ہے کہ اسرائیلی صدر کا دورہ بحرین آل خلیفہ کی اخلاقی گراوٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اسی دوران بحرین کے شیعہ رہنماء آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے بھی اپنے ٹویٹر پیج پر لکھا ہے کہ صیہونی حکومت کے سربراہ کا دورہ منامہ حکومت کے دامن پر ایک بدنما داغ اور شرمندگی کا باعث ہے۔
خبر کا کوڈ : 1028505
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش