0
Monday 5 Dec 2022 10:26

کراچی، ایام فاطمیہؑ شہادت سیدہ فاطمہ زہراؑ بنت رسولؐ خدا کے موقع پر مرکزی شاہراہوں و عمارتوں پر قد آور بورڈز آویزاں

کراچی، ایام فاطمیہؑ شہادت سیدہ فاطمہ زہراؑ بنت رسولؐ خدا کے موقع پر مرکزی شاہراہوں و عمارتوں پر قد آور بورڈز آویزاں
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے سب سے بڑے شہر و معاشی حب کراچی میں سالہائے گذشتہ کی طرح اس سال بھی ایام فاطمیہؑ بمناسبت شہادت دختر حضرت خاتم الانبیاء محمد مصطفیٰ (ص) حضرت بی بی سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے متعلق اہم و مرکزی شاہراہوں و عمارتوں پر سیاہ بینرز آویزاں کر دیئے گئے، دیوہیکل سیاہ بینرز کی تنصیب کے خادمین اباعبد اللہ ؑ و ابو الفضل ؑ کی جانب سے کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایام فاطمیہؑ بمناسبت شہادت حضرت بی بی سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا دختر حضرت خاتم الانبیاء محمد مصطفیٰ (ص) کے دوران خادمین اباعبداللہ ؑ و ابو الفضلؑ کی جانب سے نمائش چورنگی، واٹر پمپ چورنگی، گولیمار چورنگی، شاہراہ پاکستان، راشد منہاس روڈ، گلستان جوہر سمیت شہر قائد کی اہم شاہراہوں اور عمارتوں پر قد آور پینافلیکس کے سائن بورڈز نصب کئے گئے ہیں، جن پر ایام فاطمیہ شہادت دختر رسولؐ و شہزادی کونین حضرت سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے پیغامات موجود ہیں۔ واضح رہے کہ شہر بھر میں آویزاں ہونے والے ان تمام بل بورڈز اور ہولڈنگ کی باقاعدہ بکنگ متعلقہ کمپنیز سے کروائی گئی اور واجب الادا رقوم بھی ادا کی گئی۔

شہر قائد میں ایام فاطمیہؑ کی مناسبت سے سائن بورڈز نصب کرنے والے خادمین اباعبداللہ ؑ و ابوالفضلؑ کے زیر اہتمام 9 جمادی الاول تا 13 جمادی الاول تک نشتر پارک کراچی میں مرکزی خمسہ مجالس عزا ایام فاطمیہؑ کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے، نشتر پارک میں منعقدہ اس خمسہ مجالس عزا سے بین الاقوامی شہرت یافتہ خطیب اہلبیتؑ علامہ سید علی رضا رضوی (لندن) خطاب کر رہے ہیں۔ کراچی سمیت پاکستان بھر میں 13 جمادی الاول تا 3 جمادی الثانی تک مسلسل 20 روز ایام شہادت خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے عزاداری اور مجالس و جلوس عزا کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ ہر گذرتے سال ایام فاطمیہؑ کے انعقاد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، پہلے صرف اسلامی جمہوری ایران میں خصوصی اہتمام کے ساتھ یہ ایام منائے جاتے تھے، لیکن الحمداللہ اب دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں عاشورا کی طرح خاص اہتمام کے ساتھ ایام فاطمیہؑ کے موقع پر عزاداری کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1028549
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش