0
Monday 5 Dec 2022 17:49

عمران خان سیاست میں دوسرے شیخ رشید ہیں، سعید غنی

عمران خان سیاست میں دوسرے شیخ رشید ہیں، سعید غنی
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیرِ محنت سعید غنی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم سے معاہدہ کوئی مک مکا نہیں ہے، عمران خان سیاست میں دوسرے شیخ رشید ہیں۔ یہ بات انہوں نے کراچی کے علاقے جمشید ٹاؤن میں اسپرے مہم کا افتتاح کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔ سعید غنی نے اس موقع پر بلدیہ شرقی کے ملازمین میں صحت کارڈ بھی تقسیم کئے اور کہا کہ صحت اور تعلیم پر کوئی سمجھوتا نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا ہے کہ آج ملک بھر میں مہنگائی بڑھ گئی ہے، صحت کارڈ سے پوری فیملی اپنا علاج کرا سکے گی۔ صوبائی وزیرِ سندھ نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر ایم کیو ایم سے مشاورت کے بعد ہی لگایا جائے گا، بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم کے بعد میئر بااختیار ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت اچھی چیز ہے، تاہم اگر پی ٹی آئی سنجیدگی دکھائے گی تو اس سے بات چیت ہوگی۔

سعید غنی نے کہا کہ پرویز الہٰی نے عمران خان کو کہہ دیا کہ پلستر لگا کر 3 ماہ تک بیٹھ جائیں، عمران خان پاکستان کی سیاست کا ماضی بن چکے۔ انہوں نے کہا کہ باجوہ صاحب نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ ہم غیر سیاسی ہیں، مونس اور پرویز الہٰی کے انٹرویو کے بعد جنرل باجوہ کو خود بیان دینا چاہیئے۔ وزیر محنت سندھ نے مزید کہا کہ متاثرینِ سیلاب کو ریلیف دینے کے لئے سندھ حکومت کوشاں ہے، سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جو گھر تباہ ہوئے ہیں وہ بنا کر دیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ چند ماہ میں متاثرہ علاقوں میں کام ہوتا نظر آئے گا، ایم کیو ایم کا ایڈمنسٹریٹر کچھ دنوں کے لئے آئے گا، جو میئر منتخب ہوکر آئے گا وہی شہر کے لئے کام کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 1028647
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش