0
Monday 5 Dec 2022 22:20

پی ٹی آئی کا "الیکشن کراؤ ملک بچاؤ مہم" شروع کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کا "الیکشن کراؤ ملک بچاؤ مہم" شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کراؤ ملک بچاؤ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے فور طور پر ملک میں انتخابات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے اتفاق کیا کہ الیکشن کو التوا میں ڈالنے کی ہر کوشش کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی، کسی بھی ماورائے آئین حربے کو گوارا نہیں کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے زیر صدارت لاہور کے ارکان پنجاب اسمبلی، ارکان قومی اسمبلی اور پارٹی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں شفقت محمود، حماد اظہر، میاں اسلم اقبال، فواد چودھری، ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کراؤ ملک بچاؤ مہم کا آغاز لاہور سے ہوگا، مہم کا پہلا مرحلہ 7 دسمبر سے شروع ہو کر 17 دسمبر تک جاری رہے گا، مہم کے تحت لاہور میں 11 روز میں گیارہ ریلیاں اور اجتماعات کا انعقاد ہوگا۔

اس حوالے سے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلی ریلی 7 دسمبر کو حماد اظہر کے حلقہ میں ہوگی، ریلیوں میں مہنگائی، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور گرتی معیشت کے ایشوز بھی اجاگر کئے جائیں گے۔ اہم ترین اجلاس میں مرکزی و ریجنل قائدین اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی شریک ہوئے، ملکی سیاسی صورتحال، اسمبلیوں کی تحلیل اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اہم ترین امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔ قائدین و اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی جانب سے ایوانوں سے استعفوں، اسمبلیوں کی تحلیل کے چیئرمین کے اصولی اعلان کی مکمل تائید کرتے ہوئے فوری طور پر ملک میں قومی انتخابات کا صاف و شفاف انعقاد ناگزیر قرار دیا گیا جبکہ انتخاب کو التواء میں ڈالنے کی ہر کوشش کی بھرپور مزاحمت پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں صاف شفاف انتخابات کے علاوہ کسی بھی ماورائے آئین و قانون حربے کو گوارا نہ کرنے کا دوٹوک فیصلہ کیا گیا۔ تحریک انصاف کے قائدین کی جانب سے کہا گیا کہ مخدوش ترین معاشی صورتحال فوری فیصلہ سازی کی متقاضی ہے، طاقت کا سرچشمہ عوام، آئین بالادست ہے، تبدیلئ سرکار کے بھونڈے تجربے نے ملک و ملت کو بحرانوں کی دلدل میں دھنسا دیا ہے، ساکھ و صلاحیت سے محروم گروہ کو قومی فیصلہ سازی دیکر عوام کو قیادت کے انتخاب کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے، تحریک انصاف یکجا، یکسو اور متحد ہو کر اپنے قائد عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے، معقولیت کی راہ اختیار کی جائے اور عوام کو صاف شفاف انتخابات کے ذریعے قیادت کے چناؤ کا حق فوراً دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 1028698
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش