0
Tuesday 6 Dec 2022 12:38

لاہور، تحریک انصاف کا ’’الیکشن کراو ملک بچاو‘‘ تحریک کا اعلان

لاہور، تحریک انصاف کا ’’الیکشن کراو ملک بچاو‘‘ تحریک کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف نے 7 دسمبر سے ’’الیکشن کراؤ ملک بچاؤ تحریک‘‘ چلانے کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کو حکومت کیخلاف احتجاجی مظاہرے کرنے اور احتجاجی ریلیاں نکالنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ابتدائی حکمت عملی کے تحت 11 روز میں 11 احتجاجی ریلیاں لاہور سے نکالی جائیں گی۔ احتجاجی تحریک کو موثر بنانے کیلئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سینئر قیادت کا اجلاس آج زمان پارک طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال احتجاجی حکمت عملی اور اسمبلیوں کی تحلیل سمیت دیگر امور پر مشاورت ہو گی۔
 
صوبائی دارالحکومت لاہور میں 7 دسمبر کو حماد اظہر کے حلقہ این اے 126 سے ریلیوں کا آغاز ہوگا۔ 8 دسمبر سے این اے 135 میں کرامت کھوکھر، 9 دسمبر کو این اے 130 میں شفقت محمود کے حلقے میں احتجاج کیا جائے گا۔ 10 دسمبر کو پی پی 151 میں میاں اسلم اقبال، 11 دسمبرکو پی پی 158 میں میاں اکرم عثمان احتجاج ریلیوں کی قیادت کریں گے۔ 12 دسمبر کو پی پی 161 میں ندیم بارا، 13 دسمبر کو پی پی 167 میں شبیر گجر عوامی احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔ 14 دسمبر کو پی پی 159 میں مراد راس، 15 دسمبر کو پی پی 170 میں ظہیر عباس کھوکھر کے حلقوں میں احتجاج ہو گا۔
 
اسی طرح 16 دسمبر کو پی پی 173 میں سرفراز کھوکھر، 17 دسمبر کو پی پی 160 میں میاں محمود الرشید کے حلقے میں احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔ ریلیوں کے ذریعے فوری الیکشن کا اعلان کر کے معیشت کو تباہ اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق 19 یا 20 دسمبر کو لبرٹی چوک میں وفاقی حکومت کیخلاف تاریخی ریلی کی صورت میں احتجاج ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 1028785
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش