QR CodeQR Code

کوئٹہ، گیس پریشر میں کمی پر گیس کمپنی کے حکام عدالت میں طلب

6 Dec 2022 23:43

ایڈوکیٹ سید نذیر آغا کی طرف سے دائر کردہ درخواست پر عدالت نے 8 دسمبر 2022ء کو سوئی سدرن گیس کمپنی، کمشنر کوئٹہ ڈویژن اور  NHA حکام کو طلب کر لیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عدالت عالیہ بلوچستان نے صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں گیس پریشر کی کمی اور سڑکوں کے کام میں تاخیر پر گیس کمپنی، کمشنر کوئٹہ ڈویژن، جنرل مینجر نیشنل ہائی وے اتھارٹی، پروجیکٹ ڈائریکٹر کوئٹہ ڈیو لپمنٹ پیکج اور سینئر جنرل مینجر سوئی سدرن گیس کمپنی کو 8 دسمبر 2022ء کو عدالت میں طلب کرلیا ہے۔ بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس عامر نواز رانا پر مشتمل بنچ نے ایڈوکیٹ سید نذیر آغا کی طرف سے دائر کردہ درخواست پر 8 دسمبر 2022ء کو سوئی سدرن گیس کمپنی، کمشنر کوئٹہ ڈویژن اور  NHA حکام کو طلب کر لیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سردیوں کی آمد کے ساتھ صوبائی دارلحکومت کوئٹہ، نواں کلی اور اس کے مضافات میں بالخصوص اور دیگر اضلاع میں بالعموم گیس کی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیا جائے۔

نیز 16 انچ قطر پائپ لائن بچھانے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں۔ علاوہ ازیں شہر کی خوبصورتی کو بحال کرنے اور سڑکوں کو کشادہ کرنے کیلئے لائن کٹنگ اور متاثرین میں رقوم کی تقسیم کو بھی یقینی بنائی جائے۔ جس کی وجہ سے سڑکوں پر جاری کام تاخیر کا شکار ہے۔ عدالت نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے بھر کے گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کی فہرست طلب کر لی۔ علاوہ ازیں عدالت نے مندرجہ بالا صارفین سے جمع ہونے والی ریوینو کی الگ الگ تفصیلات بھی طلب کی ہیں اور کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میں لوڈشیڈنگ دوارنیہ کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1028889

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1028889/کوئٹہ-گیس-پریشر-میں-کمی-پر-کمپنی-کے-حکام-عدالت-طلب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org