QR CodeQR Code

دمشق نے انقرہ کی اسد اور اردگان کے درمیان ملاقات کی درخواست مسترد کردی

7 Dec 2022 00:43

گذشتہ ماہ اپنے بیان میں رجب طیب اردگان نے شامی حکومت کیساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کا امکان ظاہر کیا اور کہا کہ یہ مسئلہ خارج از امکان نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ترکی کی جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے ایک رہنماء نے خبر دی ہے کہ شام نے ترکی کی جانب سے دونوں ممالک کے صدور کی ملاقات کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ ترکی میں حکمران جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے رکن "اورھان میرا اوغلو" نے خبر دی ہے کہ دمشق نے رجب طیب اردگان کی شام کے صدر بشار الاسد سے ملاقات کی مخالفت کی ہے۔ اورھان میرا اوغلو نے ایک نیوز ایجنسی کو بتایا کہ جمہوری عربی شام نے طیب اردگان اور بشار الاسد کے درمیان ملاقات کے لئے انقرہ کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ اس دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ شام اس اجلاس کو تُرک صدارتی انتخابات تک ملتوی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے "سیرین ڈیموکریٹک فورسز" کے نام سے معروف کُرد ملیشیا کے ساتھ ترکی کے تنازع کے بارے میں کہا کہ اس سلسلے میں صورتحال کافی حساس ہے اور یہ امر ترکی کے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔

ترکی کے صدر نے گذشتہ ماہ اٹھائیس نومبر کو دمشق اور انقرہ کے درمیان تعلقات کی بحالی کے امکان کی خبر دی۔ رجب طیب اردگان نے شامی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کا امکان ظاہر کیا اور کہا کہ یہ مسئلہ خارج از امکان نہیں ہے۔ ترکی کے صدر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ یہ ممکن ہے کہ مستقبل قریب میں مصر کی طرح شام سے تعلقات پہلے کی طرح بحال ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں کوئی بھی مستقل دشمن نہیں ہوتا۔


خبر کا کوڈ: 1028901

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1028901/دمشق-نے-انقرہ-کی-اسد-اور-اردگان-کے-درمیان-ملاقات-درخواست-مسترد-کردی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org