0
Wednesday 7 Dec 2022 15:21

کراچی کی بندرگاہوں پر 50 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی سبزیاں پھنس گئیں

کراچی کی بندرگاہوں پر 50 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی سبزیاں پھنس گئیں
اسلام ٹائمز۔ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی کمی کی وجہ سے اشیائے خورو نوش اور ادویہ بنانے والی کمپنیوں کو خام مال اور تیار مصنوعات کی درآمد کے سلسلے میں لیٹر آف کریڈٹ (ایل سی) کھولنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز، امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی ایف وی اے) کے چیئرمین محمد شہزاد شیخ نے وزارت تجارت کو بتایا کہ 50 لاکھ 40 ہزار ڈالر سے زائد مالیت کے 417 کنٹینرز کراچی کے مختلف پورٹس پر روک لئے گئے ہیں۔ ان پھنسے ہوئے کنٹینرز میں پیاز کے 250 کنٹینرز ہیں جن کی مالیت 20 لاکھ ڈالرز سے زائد ہے، اسی طرح ادرک کے 63 کنٹینرز ہیں جن کی مالیت 80 ہزار ڈالر ہے اور 104 کنٹینرز میں لہسن موجود ہے جس کی مالیت 25 لاکھ ڈالرز ہے۔

محمد شہزاد شیخ کے مطابق ان کنٹینرز کو روکے جانے کی وجہ زرمبادلہ کی کمی کی وجہ سے کمرشل بینکوں کی جانب سے دستاویزات جاری کرنے سے انکار بتایا جاتا ہے۔ محمد شہزاد شیخ نے کہا کہ سبزیوں کی کلیئرنس میں غیر معمولی تاخیر کے باعث ٹرمینل اور شپنگ چارجز کی وجہ سے ان کے اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہوجائے گا جس کے نتیجے میں صارفین کو مہنگی اشیا خریدنی پڑیں گی، انہوں نے وزارت پر زور دیا کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لے۔
خبر کا کوڈ : 1029001
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش