QR CodeQR Code

ہزارہ برادری کی خواتین کا کوئٹہ میں جاری ٹارگٹ کلنگ کیخلاف لاہور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ

2 Oct 2011 09:59

اسلام ٹائمز:مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ میں ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ دراصل انہیں پاکستان سے محبت کے جرم کی سزا دی جارہی ہے، ان واقعات میں بلوچستان حکومت میں بیٹھے وزراء بھی ملوث ہیں، حکومت نے قتل وغارت گری کا سلسلہ نہ روکا تو پورے ملک میں احتجاج کا دائرہ پھیلا دیا جائے گا اور حکمرانوں کو بھاگنے کا بھی موقع نہیں ملے گا


لاہور:اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ہزارہ برادری کی لاہور میں مقیم خواتین نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں درجنوں خواتین نے شرکت کی، انہوں نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشت گرد کوئٹہ سمیت پورے صوبے میں دندناتے پھر رہے ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ہزارہ برادری کو نشانہ بنا کر پاک ایران تعلقات خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے اور اس سازش میں حکومتی عہدیدار بھی امریکہ اور اسلام دشمن قوتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمارے صبر کا غلط مطلب لیا جا رہا ہے اور ہزارہ برادری کو پاکستان سے محبت کی سزادی جا رہی ہے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان میں کہیں بھی پاکستان کا پرچم نہیں لہرایا جاتا لیکن ہم ہزارہ برادری ہی وطن سے محبت کا دم بھرتے ہیں اور کوئٹہ اور دیگر شہروں میں پاکستان کے قومی پرچم لہراتے ہیں جو کہ پاکستان دشمن قوتوں کو ناگوار گزرتا ہے۔ انہوں نے کہا ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ فوری بند کیا جائے اگر قتل وغارت کا یہ سلسلہ نہ روکا گیا تو پورے ملک میں ملت تشیع سراپا احتجاج بن جائے گی اور جب یہ قوم سراپا احتجاج بنی تو حکمرانوں کو منہ چھپانے کی بھی جگہ نہیں ملے گی۔


خبر کا کوڈ: 102924

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/102924/ہزارہ-برادری-کی-خواتین-کا-کوئٹہ-میں-جاری-ٹارگٹ-کلنگ-کیخلاف-لاہور-پریس-کلب-کے-سامنے-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org