QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ پنجاب نے صحافی کالونی فیز ٹو کیلئے 700 کنال اراضی کی منظوری دیدی

10 Dec 2022 11:30

چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ لاہور پریس کلب کے ملازمین کو بھی 5، 5 مرلے کے پلاٹس دیئے جائیں گے، پریس کلب کی ممبر شپ نہ رکھنے والے بیمار اور معذور صحافیوں کو بھی فیز II میں پلاٹس دینگے، وفات پا جانیوالے صحافیوں کی فیملیز کو بھی فیزII میں چھت فراہم کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ کا صحافیوں کے لئے بڑا تحفہ، لاہور میں صحافی کالونی فیز II کے لئے 700 کنال اراضی مختص کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ فیز ٹو کیلئے اراضی روڈا ایریا میں فراہم کی جائے گی، فیز ٹو سے صحافیوں کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا ہوگا۔ چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ لاہور پریس کلب کے ملازمین کو بھی 5، 5 مرلے کے پلاٹس دیئے جائیں گے، پریس کلب کی ممبر شپ نہ رکھنے والے بیمار اور معذور صحافیوں کو بھی فیز II میں پلاٹس دیں گے، وفات پا جانے والے صحافیوں کی فیملیز کو بھی فیزII میں چھت فراہم کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بی بلاک کے متاثرین کا مسئلہ جلد از جلد حل کروا کر متاثرین کو ان کا حق لوٹائیں گے، صحافی کالونی ہربنس پورہ میں قبضہ مافیا کے لئے بلا امتیاز کارروائی کے لئے پولیس کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ یاد رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں 500 کنال اراضی پر صحافی کالونی فیزII کا اعلان کیا تھا، تاہم اراضی کم ہونے کے باعث اب فیز II کے لئے روڈا ایریا میں اراضی فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب و سینیئر رہنماء پاکستان مسلم لیگ قاف چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ اسلام نے بنیادی انسانی حقوق کا مکمل مجموعہ دیا ہے، آئین پاکستان کے تحت تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کا دن ہمیں ناانصافی یا زیادتی کو روکنے کے عزم کا درس دیتا ہے، دہشت گردی، جبر اور قتل و غارت انسانی حقوق کی پامالی کے بڑے عوامل ہیں۔ چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ عدم مساوات پیدا کرنے والے غیر منصفانہ معاشی ڈھانچے سے انسانی حقوق متاثر ہوتے ہیں، کسی کو انسانی حقوق سے محروم کرنا انسانیت کی توہین ہے، امن وہیں قائم رہ سکتا ہے، جہاں انسانی حقوق کا احترام کیا جائے۔ اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ انسانی حقوق کا تحفظ کسی بھی ملک کی سماجی، معاشرتی اور اقتصادی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔


خبر کا کوڈ: 1029441

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1029441/وزیراعلی-پنجاب-نے-صحافی-کالونی-فیز-ٹو-کیلئے-700-کنال-اراضی-کی-منظوری-دیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org