QR CodeQR Code

بلیک واٹر کو کارروائیوں کی اجازت دینا غداری ہو گی: سید منور حسن

23 Aug 2009 10:35

امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے قومی اخبارات میں شائع ہونے والی اس خبر کہ "سی آئی اے نے پاکستان کے پہاڑی۰۰۰۰۰۰


امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے قومی اخبارات میں شائع ہونے والی اس خبر کہ "سی آئی اے نے پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں امریکا مخالف جہادیوں کو قتل کرنے کے لیے بدنام زمانہ تنظیم بلیک واٹر کی خدمات حاصل کر لیں" کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ سید منور حسن نے خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں اس تنظیم کو اپنا نیٹ ورک قائم کرنے کی اجازت دینا غداری ہو گی اور ہماری رہی سہی آزادی و خود مختاری بھی داﺅ پر لگ جائے گی۔ پاکستانی حکمرانوں کی بزدلی اور امریکا کی کاسہ لیسی کی وجہ سے امریکا اتنا جری ہو گیا ہے کہ وہ یہاں اپنی من مانی کارروائیوں کو وسعت دیتا چلا جا رہا ہے۔ پاکستانی علاقوں پر ڈرون حملوں اور اس کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں پر خاموشی اختیار کرنے اور احتجاج نہ کرنے کی وجہ سے اب بدنام زمانہ امریکی سی آئی اے پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ کیلئے بلیک واٹر جیسی تنظیم کو پاکستانیوں کے قتل عام کے لیے مقرر کر رہی ہے۔ یہ پاکستان میں گوریلا وار شروع کرنے کے مترادف ہے۔ دوسری طرف امریکا اسلام آباد میں چھاﺅنی قائم کرنے اور میرینز دستے متعین کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق و افغانستان میں بلیک واٹر تنظیم نے جو قتل عام کیا ہے وہ کسی سے مخفی نہیں ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بارے میں وضاحت کرے کیونکہ حکومت کی مرضی و منشا کے بغیر کوئی تنظیم پاکستان میں اپنا نیٹ ورک قائم نہیں کر سکتی۔


خبر کا کوڈ: 10299

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/10299/بلیک-واٹر-کو-کارروائیوں-کی-اجازت-دینا-غداری-ہو-گی-سید-منور-حسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org