0
Monday 3 Oct 2011 01:28

آئی ایس آئی کا ایک دھڑا طالبان کو افغانستان بھیج رہا ہے، پاکستان کے بغیر افغانستان کے مسئلے کا حل ممکن نہیں، مائیک مولن

آئی ایس آئی کا ایک دھڑا طالبان کو افغانستان بھیج رہا ہے، پاکستان کے بغیر افغانستان کے مسئلے کا حل ممکن نہیں، مائیک مولن
واشنگٹن:اسلام ٹائمز۔ امریکی فوج کے سبکدوش ہونے والے ایڈمرل مائیک مولن نے بالآخر پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کر لیا، انہوں نے کہا ہےکہ افغانستان میں کامیابی کے لئے پاکستان کا کردار اہم ہے۔ دوسری جانب امریکی حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن پاکستان میں اپنی فوج نہیں اتارے گا۔ واشنگٹن میں بحیثیت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اپنی آخری تقریر میں مائیک مولن نے کہا کہ پاکستان سے واشنگٹن کے تعلقات خراب لیکن اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے امریکی فوج کے نامزد سربراہ جنرل مارٹین ڈیمپسے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کا چیلینج انتہائی سخت ہو گا، مائیک مولن نے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے بغیر افغانستان کے مسئلے کا حل ممکن نہیں۔ مائیک مولن کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر الوداعی تقریب میں امریکی صدر براک اوباما نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں چار سال تک امریکی فوج کے سربراہ رہنے والے ایڈمرل مائیک مولن کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ دوسری جانب برطانوی خبررساں ایجنسی سے گفتگو میں امریکی حکام نے کہا کہ پاکستان کو پیغام پہنچا دیا گیا ہےکہ قبائلی علاقوں میں طالبان سے نمٹنے کیلئے امریکا اپنی فوج نہیں اتارے گا۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کے ریٹائرڈ سربراہ ایڈمرل مائیک مولن کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئی ایس آئی کا ایک دھڑا پاکستان کے سرحدی علاقے سے امریکی فوجیوں پر حملے کیلئے طالبان اور حقانی نیٹ ورک کو افغانستان بھیج رہا ہے۔ امریکی ٹی وی پر انٹرویو دیتے ہوئے امریکی سینٹرل کمانڈ کے ریٹائرڈ سربراہ ایڈمرل مائیک مولن نے کہا کہ بعض معاملات میں امریکا کے آئی ایس آئی سے بہت مثبت تعلقات رہے ہیں اور امریکا نے آئی ایس آئی کے ساتھ مل کر کئی مشترکہ آپریشن بھی کئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستان شدت پسندوں کیخلاف کارروائی نہیں کرتا اس وقت تک ان کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کی وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ وہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں امریکا کا شراکت دار ہے۔ اس معاملے میں عوامی سطح پر آ کر الزام تراشی کرنا کسی مسئلے کا حل نہیں ہے، پاکستان نے اس بات کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مزید رابطوں کی ضرورت ہے، اپنے پارٹنر کو تنہا کرنے کی نہیں۔ پاکستان امریکی الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہے۔ انہوں نے مائیک مولن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑ رہا ہے اور اس نے جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔

خبر کا کوڈ : 103227
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش