0
Monday 3 Oct 2011 13:33

پاکستان جتنا آج تنہائی کا شکار ہے پہلے کبھی نہ تھا، زرداری جمہوریت کیلئے خطرہ ہیں، نواز شریف

پاکستان جتنا آج تنہائی کا شکار ہے پہلے کبھی نہ تھا، زرداری جمہوریت کیلئے خطرہ ہیں، نواز شریف
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے صدر آصف زرداری کو جمہوریت کے لئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی قرارداد پر عمل کر لیا جاتا تو آج سکیورٹی کے موجودہ مسائل درپیش نہ ہوتے، انہوں نے کہا ہے کہ حکومت مخالف احتجاج میں مسلم لیگ ن، عوام کا ساتھ دے گی۔ نواز شریف نے اسلام آباد میں اپنی جماعت کی نو منتخب سینٹرل ورکنگ پارٹی کے اجلاس سے افتتاحی خطاب میں کہا کہ ملک پر دباوٴ بڑھانے کا مستقل سلسلہ جاری ہے، پاکستان آج عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہوتا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ دباوٴ کے وقت حکومت، پارلیمنٹ سے قرارداد لے آتی ہے، اُس کے بعد کسی کو خاطر میں نہیں لایا جاتا، باہر کشکول لے جاتے ہیں تو پھر خود مختاری کی بات کیسے کی جاتی ہے۔ 
نوازشریف نے کہا کہ سندھ میں سیلاب متاثرین کیلئے حکومت نے خود کچھ نہیں کیا، ہم نے بیرونی امداد لینے میں اپنا اعتماد خود ہی ختم کیا ہے، نواز شریف کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلوں کا احترام نہیں کیا گیا، کرپٹ افراد کو سزائیں معاف کر کے اُنہیں وفاقی وزیر بنا دیا گیا، بجلی کا بدترین بحران ہے، حکمران بے حس بنے بیٹھے ہیں اور ملک شرمناک انداز میں چلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی بحران کے خلاف عوامی احتجاج میں مسلم لیگ ن ساتھ دے گی، نواز شریف نے کہا کہ گزشتہ بارہ برس میں سرکاری سطح پر بدانتظامی اور بدعنوانی سے ملک کو ایک ہزار ارب روپے کا نقصان ہوا جبکہ ملک پر قرض 3 کھرب روپے سے بڑھ کر بارہ کھرب روپے ہو گیا ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت جھانسہ دے کر قرار دادیں منظور کراتی ہے لیکن عمل درآمد نہیں کراتی۔ مسلم لیگ ن کی سنٹرل ورکنگ پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قربانیوں کے باوجود پاکستان پر دبائو بڑھ رہا ہے اور ہم اقتصادی طور پر کمزور ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کے باوجود ڈومور کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ ملک کو مشکلات میں ڈالنے کے ذمہ دار حکمران ہیں۔
خبر کا کوڈ : 103337
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش