0
Monday 3 Oct 2011 14:55

جماعت اسلامی نے ووٹر لسٹوں کی تصدیق کے عمل پر تحفظات کا اظہار کر دیا، محمد حسین محنتی کا وفاقی محتسب اعلٰی کو خط

جماعت اسلامی نے ووٹر لسٹوں کی تصدیق کے عمل پر تحفظات کا اظہار کر دیا، محمد حسین محنتی کا وفاقی محتسب اعلٰی کو خط
کراچی:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے وفاقی محتسب اعلٰی کو ایک خط کے ذریعے جس میں کراچی میں الیکشن سے قبل ووٹر لسٹوں کی تصدیق اور اندراج کے عمل میں دھاندلی اور عملے کی ایم کیو ایم کے ہاتھوں یرغمالی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے۔ خط میں الیکشن کمیشن کی کارکردگی اور فیلڈ میں موجود عملے کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے اور یہ کہا گیا ہے کہ ووٹرز کی موجودہ تصدیق کے پورے عمل سے سارا کام مکمل بوگس ہو جائے گا۔ درست ووٹر لسٹوں کی تیاری الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے، صوبائی الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹوں کی دوبارہ تیاری کا کام نادرا کے ذریعے جاری کردہ شناختی کارڈ کی لسٹوں کی بنیاد پر شروع کیا تھا اور الیکشن کمیشن نے اعلان کیا تھا کہ ان لسٹوں کی تصدیق کا کام 22 اگست تا 30 ستمبر گھر گھر جا کر مکمل کیا جائے گا مگر اس تصدیقی عمل کی مہم کو متحدہ قومی موومنٹ نے ہائی جیک کر لیا ہے اور تمام ووٹر لسٹوں کو اس کے کارکنوں نے زبردستی اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ اسٹاف جن کے ذمے گھر گھر تصدیق کا یہ کام لگایا گیا تھا ان سے کہا گیا ہے کہ وہ گھر پر آرام کریں یہ ووٹر لسٹیں متحدہ کے سیکٹر اور یونٹ آفس میں دوبارہ مرتب کر کے ٹیچنگ اسٹاف کو واپس کر دی گئی ہیں اور انہیں کہا گیا ہے کہ یہ لسٹیں الیکشن کمیشن کے پاس بغیر کسی تبدیلی یا کانٹ چھانٹ کے جمع کرا دیں۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ فیڈرل الیکشن کمیشن کو اس صورتحال پر مطلع کیا گیا ہے، جبکہ اس ایشو پر صوبائی الیکشن کمشنر کے ساتھ جماعت اسلامی کے نمائندوں کی 16 ستمبر کو ایک ملاقات کراچی میں ہوئی مگر اس پر صوبائی و مرکزی الیکشن کمشنر اب تک کوئی نوٹس نہیں لیا ہے اور ووٹر لسٹوں کو شفاف بنانے کیلئے ووٹر لسٹوں کو ہائی جیک کرنے کے عمل کو نہیں روکا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھی اس عمل کو شفاف بنانے کیلئے مدد نہیں لی گئی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ اگر ووٹر لسٹیں درست تیار نہ ہوسکیں تو الیکشن کا پورا عمل دھوکا دہی ثابت ہو گا، خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان شکایات کی انکوائری کرائیں اور الیکشن کمیشن سندھ کو حکم دیں کہ وہ شفاف اور غیر جانبدارانہ لسٹیں تیار کرائے اور متحدہ سمیت کسی بھی جماعت کی مداخلت قبول نہ کرے کیونکہ ووٹرز کی تصدیق کے عمل میں ایک گروہ کا بندوق کے زور پر قبضہ بنیادی آئینی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔ محمد حسین محنتی نے امید ظاہر کی ہے کہ وفاقی محتسب اعلٰی ان کے اس خط کا فوری نوٹس لیں گے اور الیکشن کمیشن کے صوبائی ذمہ داران کو ہدایات جاری کریں گے کہ وہ ووٹر لسٹوں کی تصدیق اور ووٹرز کے انداراج کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
خبر کا کوڈ : 103352
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش