QR CodeQR Code

غزہ کے اطراف میں صیہونی کالونیوں پر میزائل حملہ

27 Jan 2023 07:44

اپنے ایک بیان میں حماس کے رہنماء کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو گذشتہ صبح جنین پر ہونیوالے جرم کا حساب دینا پڑیگا اور مقاومت جلد ہی یہ انتقام لے گی۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطین کے مقاومتی گروہوں نے آج جمعے کی صبح غزہ کی پٹی کے اطراف میں واقع صیہونی بستیوں کی جانب دو میزائل فائر کئے ہیں۔ موصولہ رپورٹس کے مطابق، اس واقعے کے بعد صیہونی بستیوں "عسقلان"، "زیکیم"، اور "کیبوتس کرمیا" میں خطرے کے سائرن بجنا شروع ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ صیہونی کالونی "عسقلان" مقاومتی میزائلوں کی زد میں ہے۔ اس بارے میں صیہونی حکام نے میڈیا کو بتایا کہ غزہ کی جانب سے کم از کم دو میزائل صیہونی بستی کی جانب فائر کئے گئے، البتہ اس حملے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔ واضح رہے کہ قابض صیہونی فورسز نے گذشتہ روز جمعرات کو "جنین کیمپ" پر بڑے پیمانے پر یلغار شروع کی، جس کے نتیجے میں نو فلسطینی شہید اور بیس کے قریب افراد زخمی ہوگئے تھے۔ اسرائیلی فوج کی اس بربریت پر حماس کے پولیٹیکل ایڈوائزر "صالح العاروری" نے گذشتہ شام اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو گذشتہ صبح جنین پر ہونے والے جرم کا حساب دینا پڑے گا اور مقاومت جلد ہی یہ انتقام لے گی۔

صالح العاروری نے کہا کہ ہماری قوم کا عزم اسرائیل کے جرائم سے زیادہ طاقتور ہے اور جنین و مغربی کنارہ اور اس میں بسنے والے افراد ناقابل شکست ہیں، اس طرح کی کارروائیاں ہمارے عزم و حوصلہ کو بڑھاتی ہیں۔ یاد رہے کہ جمعرات کی صبح بھاری ہتھیاروں سے لیس صیہونی فوجیوں نے جنین کیمپ پر حملہ کیا، جوابی کارروائی میں غاصب رژیم کے فوجیوں کو فلسطینی جنگجوؤں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ اسرائیل کی اس کارروائی کا مقصد فلسطین کی مقاومتی تحریک "جہاد اسلامی" کے تین رہنماؤں کو گرفتار یا قتل کرنا تھا۔ صیہونیوں کے اس حملے میں نو فلسطینی شہید اور بیس افراد زخمی ہوئے، اپنے ٹارگٹ کے حصول میں ناکامی کے بعد صیہونی افواج پیچھے ہٹ گئیں۔


خبر کا کوڈ: 1037938

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1037938/غزہ-کے-اطراف-میں-صیہونی-کالونیوں-پر-میزائل-حملہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org