QR CodeQR Code

بی بی سی ڈاکیومنٹری پر حیدر آباد یونیورسٹی میں ہنگامہ آرائی

27 Jan 2023 11:16

گجرات فسادات پر بنی بی بی سی ڈاکیومنٹری کی مخالفت میں اے بی وی پی طلباء نے کشمیری پنڈتوں کے قتل عام اور ہجرت پر بنی فلم ’دی کشمیر فائلس‘ کی اسکریننگ کی۔


اسلام ٹائمز۔ بی بی سی ڈاکیومنٹری تنازعہ دھیرے دھیرے بھارت کی مختلف ریاستوں میں پھیلتا جا رہا ہے۔ دہلی کے بعد دیگر ریاستوں میں بھی اس ڈاکیومنٹری کی اسکریننگ کو لے کر ہنگامہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر بنی بی بی سی کی ڈاکیومنٹری ’’انڈیا: دی مودی کویشچن‘‘ پر اب حیدر آباد میں تنازعہ شروع ہو چکا ہے۔ دراصل اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) وِنگ کے طلباء نے کچھ دن پہلے حیدر آباد یونیورسٹی کے طلباء کو بی بی سی ڈاکیومنٹری دکھائی تھی۔ اس کی خبر ملنے کے بعد آر ایس ایس کی طلباء تنظیم اے بی وی پی نے افسران کے پاس شکایت بھی درج کرائی تھی۔ اب اے بی وی پی نے حیدر آباد یونیورسٹی کیمپس میں ’دی کشمیر فائلس‘ فلم کی اسکریننگ کی ہے۔ اس فلم کی اسکریننگ کے وقت کیمپس میں پولیس بھی تعینات رہی۔

گجرات فسادات پر بنی بی بی سی ڈاکیومنٹری کی مخالفت میں اے بی وی پی طلباء نے کشمیری پنڈتوں کے قتل عام اور ہجرت پر بنی فلم ’دی کشمیر فائلس‘ کی اسکریننگ کی۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق آئیسا نے اے بی وی پی طلباء کے عمل پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور 27 جنوری کو احتجاجی مظاہرہ کا اعلان کر دیا ہے۔ آئیسا نے جے این یو اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلباء سے گزارش بھی کی ہے کہ وہ اس احتجاجی مظاہرہ میں حمایت کریں۔ قابل ذکر ہے کہ بی بی سی ڈاکیومنٹری کی اسکریننگ کو لے کر جے این یو اور جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بھی ہنگامہ ہو چکا ہے۔ اتنا ہی نہیں پنجاب، کیرالہ اور کولکاتا میں بھی اس ڈاکیومنٹری کو لے کر تنازعہ دیکھنے کو ملا تھا۔


خبر کا کوڈ: 1037972

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1037972/بی-سی-ڈاکیومنٹری-پر-حیدر-ا-باد-یونیورسٹی-میں-ہنگامہ-ا-رائی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org