QR CodeQR Code

سویڈن اسلام اور مسلمانوں کیخلاف شیطانی کھیل کا مرکز بن چکا ہے، مہدی ایمانی پور

27 Jan 2023 18:24

پاکستانی میڈیا کے ذریعے جاری کردہ اپنے پیغام میں سربراہ بین المذاہب ہم آہنگی و مذاکراتی کونسل نے کہا کہ آزادی بیان کے بہانے اس طرح کی گھٹیا حرکتوں کے ذریعے مسلمانوں کے دلوں کو زخمی کیا جارہا ہے، مسلمان ہمیشہ دوسرے مذاہب اور ان کے مقدس آثار اور عبادت گاہوں کا احترام کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی بین المذاہب ہم آہنگی و مذاکراتی کونسل کے سربراہ حجت الاسلام محمد مہدی ایمانی پور نے اپنے پیغام کے ذریعے سوئیڈن میں قرآن مجید کو نذرآتش کرنے اور مذہبی مقدسات کی توہین کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار ہم نے سویڈن میں ترکی کے سفارتخانے کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کے ذریعے لاکھوں مسلمانوں کے دلوں کو جلانے کا منظر دیکھا، یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ سویڈن اسلام اور مسلمانوں کے خلاف شیطانی کھیل کا مرکز بن چکا ہے، قرآن کریم اور اس کی مقدس آیات مسلمانوں کی نگاہ میں نہایت اہمیت و احترام کی حامل ہیں کیونکہ یہ رسول اکرمؐ  کی عظیم ترین نشانیوں میں سے ہیں، مسلمانوں کا جینا مرنا قرآن کے ساتھ ہے، قرآن کے ذریعے مسلمان پروان چڑھتے ہیں اور قرآن کے سائے میں ہی خدا کی طرف لوٹتے ہیں، قرآن پاک مسلمانوں کی زندگی کا سرمایہ، موت کا توشہ اور قیامت کا وسیلہ ہے، پوری دنیا کے مسلمان دن رات قرآن پاک کی آیات کی تلاوت کرتے ہیں، اس آسمانی کتاب کے ذریعے خدا سے دعا مانگتے ہیں اور ہمیشہ تقدیس اورتعظیم کتاب سے محبت کرتے ہیں اور اسی کتاب کی رہنمائی میں زمین پر اپنی زندگی گذارتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادی بیان کے بہانے اس طرح کی گھٹیا حرکتوں کے ذریعے مسلمانوں کے دلوں کو زخمی کیا جارہا ہے، مسلمان جو کہ ہمیشہ دوسرے مذاہب اور ان کے مقدس آثار اور عبادت گاہوں کا احترام کرتے ہیں، اب اس گھناؤنے ذلت  آمیز کھیل کی وجہ سے غصے میں سراپا احتجاج بن چکے ہیں، یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ اس طرح کے شدت پسند شیطانی رویے ادیان و مذاہب کے پرامن بقائے باہمی کو شدید نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ ادیان اور تمدنوں کے درمیان مکالمے اور باہمی میل جول کی فضا کو بھی تاریک بنا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کی بین المذاہب ہم آہنگی و مذاکراتی کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے قرآن مجید کو نذر آتش کرنے اور مذہبی مقدسات کی توہین کے ذریعے لاکھوں مسلمانوں کی دل آزاری کی شدید مذمت کرتا ہوں، مختلف مذاہب کے رہنماؤں و دانشوروں اور دنیا کے آزاد خیال لوگوں، بالخصوص مغربی یورپ اور شمالی امریکہ کے باشندوں سے قرآن کریم کے پیروکاروں کی کم از کم توقع یہ ہے کہ کئی سالوں سے مسلمانوں کے خلاف کھیلے جانے والا کھیل سے جو آزادی اظہار کے نام پر اسلام دشمنی اور اسلامی مقدمات کی سراسر توہین پر مبنی ہے، واضح طور پر اپنی لاتعلقی کا اعلان کریں۔


خبر کا کوڈ: 1038033

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1038033/سویڈن-اسلام-اور-مسلمانوں-کیخلاف-شیطانی-کھیل-کا-مرکز-بن-چکا-ہے-مہدی-ایمانی-پور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org