QR CodeQR Code

امبیڈکر یونیورسٹی میں بی بی سی ڈاکیومنٹری کی اسکریننگ کا پردہ ہٹایا گیا

27 Jan 2023 20:06

بتایا جاتا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس کی کارروائی سے ناراض طلباء نے الگ الگ گروپس میں بیٹھ کر لیپ ٹاپ پر بی بی سی کی ڈاکیومنٹری دیکھی۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر بی بی سی کے ذریعہ بنائی گئی ڈاکیومنٹری پر  بی جے پی حکومت نے پابندی عائد کر دی ہے۔ اس کے باوجود ملک کی کچھ ریاستوں میں یونیورسٹی کے طلباء اس کی لگاتار اسکریننگ کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس معاملے پر جے این یو، جامعہ ملیہ اسلامیہ، حیدر آباد یونیورسٹی، پنجاب یونیورسٹی وغیرہ میں گزشتہ دنوں کافی ہنگامہ دیکھنے کو ملا تھا۔ اب 27 جنوری کو دہلی کی امبیڈکر یونیورسٹی میں بی بی سی ڈاکیومنٹری کی اسکریننگ پر ہنگامہ کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی لائیو‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق امبیڈکر یونیورسٹی میں طلباء نے ڈاکیومنٹری چلانے کی کوشش کی اور پھر اسکریننگ کے دوران یونیورسٹی انتظامیہ نے بجلی کی لائن ہی کاٹ دی۔

انتظامیہ نے اس واقعہ کی خبر پولیس کو بھی دے دی جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور ڈاکیومنٹری کی اسکریننگ کے لئے لگائے گئے پردے کو ہٹا دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس کی کارروائی سے ناراض طلباء نے الگ الگ گروپس میں بیٹھ کر لیپ ٹاپ پر بی بی سی کی ڈاکیومنٹری دیکھی۔ اس درمیان دہلی یونیورسٹی میں بھی کچھ طلباء تنظیموں نے متنازعہ ڈاکیومنٹری کو دکھانے کا اعلان کیا ہے۔ کیمپس میں ڈاکیومنٹری کی اسکریننگ شام تقریباً 5 بجے سے رات دیر تک کیے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ حالانکہ دہلی یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طلباء نے اس کے لئے کسی طرح کی اجازت نہیں لی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت نے ڈاکیومنٹری پر پابندی عائد کر دی ہے اور کیمپس میں اسے نہیں دکھایا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 1038034

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1038034/امبیڈکر-یونیورسٹی-میں-بی-سی-ڈاکیومنٹری-کی-اسکریننگ-کا-پردہ-ہٹایا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org