QR CodeQR Code

عام آدمی پارٹی کے میئر امیدوار شیلی اوبرائے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں سماعت

27 Jan 2023 18:52

میئر کا انتخاب 6 جنوری کو ہونا تھا، لیکن بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کونسلر کے درمیان ہاتھا پائی کے بعد ایوان کو ملتوی کر دیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ آف انڈیا عام آدمی پارٹی کی میئر عہدہ کی امیدوار شیلی اوبرائے کی عرضی پر 3 فروری کو غور کرنے پر متفق ہوگیا ہے۔ اس عرضی میں عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ میئر الیکشن طے مدت میں کرانے کا حکم صادر کیا جائے۔ سینئر وکیل ابھشیک سنگھوی نے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس دیپانکر دتہ کی بنچ کے سامنے معاملے کا تذکرہ کیا۔ پھر عدالت عظمٰی نے 3 فروری کو معاملے کی سماعت کرنے پر اتفاق کا اظہار کیا۔ قابل ذکر ہے کہ عام آدمی پارٹی نے بی جے پی پر میئر عہدہ کے لئے انتخاب کرانے سے بھاگنے کا الزام عائد کیا ہے۔ گزشتہ دسمبر میں ہوئے ایم سی ڈی الیکشن میں عآپ نے 250 وارڈوں میں سے 134 پر جیت درج کی تھی جبکہ بی جے پی 104 وارڈ جیتنے میں کامیاب رہی۔ بی جے پی کے پاس اتنے نمبر دکھائی نہیں دے رہے کہ وہ میئر کی کرسی پر قبضہ کر سکے، لیکن اس کے کچھ لیڈران لگاتار دعویٰ کر رہے ہیں کہ میئر انتخاب میں اس کے امیدوار کی جیت ہوگی۔

اس درمیان عام آدمی پارٹی کے لیڈر سوربھ بھاردواج کا کہنا ہے کہ دہلی کے لوگوں نے ایم سی ڈی میں عام آدمی پارٹی کو اکثریت دی ہے لیکن بی جے پی ہمیں ایم سی ڈی میں حکومت نہیں بنانے دے رہی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے ایوان کے لیڈر اور میئر امیدوار (شیلی اوبرائے) کے ذریعہ سے سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔ ہم نے دو اہم مطالبات رکھے ہیں۔ پہلا مطالبہ یہ ہے کہ طے مدت میں میئر کا انتخاب ہو اور ایم سی ڈی میں حکومت تشکیل پائے۔ دوسرا مطالبہ ہے کہ ایلڈرمین کو ووٹ ڈالنے سے روکا جائے۔ واضح رہے کہ میئر کا انتخاب 6 جنوری کو ہونا تھا، لیکن بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کونسلر کے درمیان ہاتھا پائی کے بعد ایوان کو ملتوی کر دیا گیا۔ پھر 24 جنوری کو میئر اور ڈپٹی میئر کے ساتھ ساتھ اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین کا انتخاب کرنے کے لئے ایک سیشن بلایا گیا۔ اس روز بھی خوب ہنگامہ ہوا اور کارروائی کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 1038038

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1038038/عام-ا-دمی-پارٹی-کے-میئر-امیدوار-شیلی-اوبرائے-کی-عرضی-پر-سپریم-کورٹ-میں-سماعت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org