QR CodeQR Code

ایم ڈبلیو ایم کراچی کا ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

27 Jan 2023 19:02

جامع مسجد نورایمان کے باہر احتجاج سے خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ اگر حکومت اور ریاستی ادارے دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ ہے تو انتہا پسند عناصر کی مکمل بیخ کنی کے لئے صوبہ خیبرپختونخواہ میں فوجی آپریشن کا فوری آغاز کرے۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں پاکستان کے بے گناہ شیعہ مسلمانوں کے بہیمانہ قتل کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے کراچی میں جمعہ کے روز یوم احتجاج منایا گیا۔ اس ضمن میں جامع مسجد نورایمان کے باہر بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین دہشت گردی مردہ باد اور قاتلوں کو گرفتار کرو، شہریوں کو تحفظ فراہم کرو اور ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری   دہشت گردی کی مذمت پر مبنی نعرے لگاتے رہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما مولانا علامہ صادق جعفری اور علامہ مبشر حسن نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈیرہ اسماعیل خان میں شیعہ افراد کے قتل عام پر گہرے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومتی بےحسی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نا اہلی قراد دیا ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری روزانہ عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کی ناکامی ظاہر کرتا ہے، صوبہ میں دہشت گردی کی تازہ لہر خیبر پختونخواہ کی نگراں حکومت اور ریاستی اداروں کی دہشت گرد عناصر کے خلاف فیصلہ کن کاروائی سے نرمی برتنے کا نتیجہ ہے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ صوبہ میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے گئے جس کی بنیادی وجہ سہولت کاروں کے خلاف کاروائی میں پس و پیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ محض کرائے کے چند قاتل پکڑنے سے ان واقعات کا انسداد ممکن نہیں، اگر حکومت اور ریاستی ادارے دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ ہے تو انتہا پسند عناصر کی مکمل بیخ کنی کے لئے صوبہ میں فوجی آپریشن کا فوری آغاز کرے۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، کراچی، کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں کالعدم جماعتوں کے خلاف فوجی آپریشن بلا تاخیر شروع کیا جائے اور ملک کے مختلف شہروں میں جاری شیعہ نسل کشی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ صوبہ میں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑا جائے۔


خبر کا کوڈ: 1038042

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1038042/ایم-ڈبلیو-کراچی-کا-ڈیرہ-اسماعیل-خان-میں-دہشتگردی-کیخلاف-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org