0
Friday 27 Jan 2023 21:11

حرمت قرآن اور ناموس رسالتؐ پر مر مٹنے کو تیار ہیں، حافظ نعیم الرحمن

حرمت قرآن اور ناموس رسالتؐ پر مر مٹنے کو تیار ہیں، حافظ نعیم الرحمن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے دل خراش واقعے کے خلاف جمعہ کوملک گیر یوم احتجاج منایا گیا، کراچی کے تمام اضلاع میں مساجد کے باہر سو سے زائد مقامات پر مظاہرے کئے گئے جس میں عوام نے بڑی تعداد میں شریک ہوکر اس واقعے کے خلاف اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مدینہ مسجد طارق روڈ پر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں استعماری قوتیں مسلسل اسلام کی تضحیک اور مقدس ہستیوں کی توہین کا ارتکاب کرکے مسلمانوں کی دل آزاری میں مصروف ہیں تو وہیں ہمارے حکمرانوں نے بھی غلامی کا طوق گلوں میں ڈال رکھا ہے جسے اتارنے کی ضرورت ہے، مغربی ممالک میں اللہ کے کلام کی توہین کرکے مسلمانوں کو اشتعال دلانے کی کوشش کی جارہی ہے، کبھی شان رسالت میں گستاخی کی جاتی ہے اور کبھی قرآن پاک کو نذرِ آتش کیا جاتا ہے، یہ کھلی انتہا پسندی اور دہشت گردی ہے، یہ سب ہمارے حکمرانوں کی بزدلی کی وجہ سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم قرآن کی حرمت اور ناموس رسالت ؐپر مر مٹنے پر تیار ہیں، معاشی حالات کچھ بھی ہوں ہم اپنے ایمان کا تحفظ کریں گے، اصل چیز ایمان و غیرت ہے اگر ایمان اور غیرت چلی گئی تو کچھ نہیں بچے گا، آج پاکستان سمیت پوری دنیا میں سوئیڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کے خلاف عظیم الشان احتجاج ہو رہا ہے، اگر مسلم ممالک کی حکومتوں اور او آئی سی نہیں اپنا کردار ادا نہیں کیا تو تحریک آگے بڑھے گی، اس لئے او آئی سی کو فوری طور پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے، مغرب اور یورپ میں آزادی اظہار کی بہت بات کی جاتی ہے لیکن ہولوکاسٹ پر بات نہیں کی جاتی، جب قرآن کی بے حرمتی ہو تو اسے آزادی اظہار قرار دیا جاتا ہے، یہ دہرا معیار ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ ہمارے دین کے دشمن کبھی قرآن پاک کو جلانے کی ناپاک جسارت کرکے اور کبھی حضورؐ کی شان اقدس میں گستاخی کرکے ہمیں کمزور کرنا چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1038062
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش